لائف اسٹائل

شائستہ لودھی پی ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبانی کریں گی

ان دنوں نادیہ خان پی ٹی وی کے مارننگ شو ’مارننگ ایٹ ہوم‘ کی میزبانی کررہی ہیں۔
|

ٹی وی میزبان و اداکار شائستہ لودھی جلد ٹی وی اسکرینز پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے شو کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی۔

ان دنوں اداکارہ و میزبان نادیہ خان پی ٹی وی کے مارننگ شو ’مارننگ ایٹ ہوم‘ کی میزبانی کررہی ہیں لیکن جلد ہی شائستہ لودھی ان کی جگہ لیں گی۔

ڈان امیجز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبانی کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ مارننگ شو ہوسٹ کی حیثیت سے وہ پُرامید، حوصلہ افزا اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی 4 سال بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ ‘میں تمام خواتین کے لیے شو میں مختلف سیگمنٹس کروں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ نادیہ خان کے مداحوں کا بہت احترام کرتی ہیں جو مارننگ شو دیکھتے ہیں۔

شائستہ لودھی نے کہا کہ میں نادیہ خان سے پوری طرح متفق ہوں اور ان کا احترام کرتی ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں نادیہ خان کی طرح پرفارم کر سکوں، وہ بہت ذہین اور بے مثال ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید ہے کہ میں ناظرین کو مایوس نہیں کروں گی۔

شائستہ لودھی نے نشاندہی کی کہ کس طرح پاکستان میں ٹیلی ویژن کے مارننگ شوز زوال پذیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’چینلز زیادہ مارننگ شوز نہیں کر رہے ہیں کیونکہ یہ خطرناک ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: شائستہ لودھی نے شوبز کو کیوں خیرباد کہا، اب کیا کر رہی ہیں؟

اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ’چینلز کو ڈراما نشر کرنے سے بہتر ریٹنگ ملتی ہے لیکن کسی کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ناظرین (شو کے ذریعے) براہ راست تعلق بھی چاہتے ہیں‘۔

شائستہ لودھی نے کہا کہ ‘پہلے سے ریکارڈ کیے گئے شوز کے مقابلے صرف ایک لائیو شو ہی ناظرین تک کچھ چیزیں پہنچا سکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ بہت سے چینلز پر مارننگ شوز کی میزبانی کرنے والی شائستہ لودھی ان تمام خواتین میں کافی مقبول ہیں جو ہر صبح کا آغاز مارننگ شوز دیکھ کر کرتی ہیں۔

شائستہ لودھی نے ماضی میں ’گڈ مارننگ اور اٹھو جاگو پاکستان‘ سمیت دیگر شوز کی میزبانی کی اور ان شوز میں نت نئے ٹرینڈز کو متعارف کروا کر شوز کی ریٹنگ کو بڑھایا۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی کا مارننگ شو سے ڈرامے تک کا سفر

2014 میں مارننگ شو ’اٹھو جاگو پاکستان‘ کی میزبانی کے دوران توہین مذہب کے الزامات کے بعد سے شائستہ اپنے 3 بچوں کے ہمراہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں، انہوں نے کچھ عرصے کے لیے شوبز سے کنارہ کشی بھی اختیار کرلی تھی۔

انہوں نے بعدازاں اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی اور ’وعدہ‘، ’خان‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کی۔

رواں برس ان کا ڈراما ’پردیس‘ بھی نجی چینل پر نشر ہوا تھا جسے ناظرین کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا۔