حیرت انگیز

دنیا میں پہلی مرتبہ بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچے اب کیسے ہیں؟

حلیمہ سیسی نامی خاتون نے مئی 2021 میں 9 بچوں کو بیک وقت جنم دیا جو سب زندہ بھی بچ گئے۔

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایک وقت میں سب سے زیادہ بچے جنم دینے (جو سب زندہ بھی بچ گئے) کا ریکارڈ کس خاتون کے پاس ہے؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ وہ حلیمہ سیسی نامی خاتون ہیں جنہوں نے مئی 2021 میں 9 بچوں کو بیک وقت جنم دیا جو سب زندہ بھی بچ گئے۔

حلیمہ سیسی کا تعلق افریقی ملک مالی سے ہے اور ان سے پہلے یہ ریکارڈ ایک امریکی یہودی خاتون نادیہ سلیمان کے پاس تھا جنہوں نے جنوری 2009 میں 8 بچوں کو بیک وقت جنم دیا۔

اب ان بچوں کی پہلی تصویر منظر عام پر آئی ہے۔

برطانوی روزنامے ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے 26 سالہ حلیمہ سیسی نے بتایا کہ سب بچوں کی صحت اچھی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ وہ مضبوط ہوتے جارہے ہیں، ممکنہ طور پر جلد ان کو کل وقتی طبی نگہداشت سے نکلنے کی اجازت مل جائے گی اور ہم ان کو گھر لے جائیں گے۔

اتنے بچوں کی پیدائش کسی علاج کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ حلیمہ کا حمل قدرتی انداز سے ٹھہرا تھا اور پیدائش کے وقت بچوں کا وزن 500 گرام سے ایک کلوگرام کے درمیان تھا۔

پیدائش کے بعد کئی ماہ تک انہیں آئی سی یو میں انکوبیٹرز میں رکھا گیا تھا مگر اب ان کا وزن بڑھ رہا ہے اور جلد وہ اپنے ملک مالی جاسکیں گے۔

مارچ 2021 میں مالی کی حکومت نے حلیمہ کو مراکش بھیج دیا تھا جہاں اس نے 5 لڑکیوں اور 4 لڑکوں کو جنم دیا۔

اب بچوں کی عمر 6 ماہ ہونے پر حلیمہ سیسی اور ان کے شوہر 35 سالہ قادر عربی نے ان کی نئی تصاویر جاری کی ہیں۔

تصاویر میں لڑکوں نے سبز جبکہ لڑکیوں نے گلابی اور بے بی بلیو رنگ کے ملبوسات پہنے ہوئے ہیں۔

قادر عربی نے حال ہی میں مالی کے وزیر صحت سے بھی ملاقات کی جو مراکش سے اس جوڑے اور ان کے بچوں کی مالی واپسی کے انتظامات کریں گے۔

پیدائش کے بعد اگست کے اوائل تک بچے انکوبیٹرز میں رہے جبکہ یہ جوڑا ہسپتال کے قریب ایک فلیٹ میں مقیم ہے۔

جولائی میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حلیمہ کو روزانہ 100 ڈائپرز بدلنا ہوتے تھے اور 6 لیٹر دودھ بچوں کو پلانا ہوتا تھا جو ان کو بہت زیادہ تھکا دیتا تھا مگر اب وہ مضبوط ہورہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک بچے کو جنم دینا مشکل ہوتا ہے تو 9 کی پیدائش تو ناقابل تصور ہے، ان کی نگہداشت کے لیے جو کچھ کرنا پڑتا ہے وہ حیران کن ہے اور ہم طبی ٹیم کے شکر گزار ہیں جو یہ مشکل کام کرنے میں مدد کررہے ہیں جبکہ مالی حکومت کی جانب سے فنڈز دیئے جارہے ہیں۔

ان بچوں کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی اور اس وقت حلیمہ کے ہمراہ ان کی بہن تھی اور شوہر مالی میں ہی تھے۔

قادر عربی کووڈ کی سفری پابندیوں کے باعث بیوی کے پاس نہیں جاسکے تھے اور وہ جولائی میں مراکش پہنچے۔

اب تک بچوں کی نگہداشت کے بل کی لاگت 10 لاکھ برطانوی پاؤنڈز تک پہنچ چکی ہے جس کا بیشتر حصہ مالی کی حکومت ادا کررہی ہے۔

بچوں کی پیدائش کے وقت زیادہ خون بہنے سے حلیمہ موت کے منہ میں پہنچ گئی تھی۔

اس جوڑے کی شادی 2017 میں ہوئی تھی اور ان کی ایک ڈھائی سال کی بیٹی بھی ہے جس کی نگہداشت آج کل رشتے دار کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ 25 سالہ حلیمہ کے الٹرا ساؤنڈ مراکش اور مالی میں ہوئے اور ان سے 7 بچوں کی پیدائش کا عندیہ ملا تھا مگر حیران کن طور پر 2 بچے نظر نہیں آسکے جبکہ ڈاکٹروں نے اس وقت خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان میں سے کسی بچنے کا امکان 50 فیصد سے بھی کم ہے۔

قادر مالی کی بحریہ کے لیے کام کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب خاندان کی کفالت مالی لحاظ سے چیلنج ہوگی۔

افریقی خاتون کے ہاں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش

بیک وقت 9 بچوں کو جنم دینے والی خاتون کے شوہر کا رد عمل سامنے آگیا

برسوں تک اولاد کے لیے ترسنے والی خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش