وزیراعظم کا عالمی برادری پر افغانستان کے اثاثے بحال کرنے پر زور
وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ نئی افغان انتظامیہ کے ساتھ مثبت رابطے رکھے، فوری انسانی امداد بحال اور افغانستان کے منجمد اثاثوں کی ریلیز سمیت اقتصادی تباہی کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے عالمی برادری سے یہ اپیل جاپان کے سفیر کونینوری متسودا سے بات چیت کرتے ہوئے کی جنہوں نے عمران خان سے الوداعی ملاقات کی۔
انہوں نے ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ (ٹی آئی ٹی) پروگرام اور مخصوص ہنر مند ورکرز پروگرام (ایس ایس ڈبلیو) کے تحت پاکستان سے جاپان میں افرادی قوت کی برآمد پر دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی روشنی ڈالی۔
دونوں فریقین نے زیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کے لیے کوششیں بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کو طالبان کی حکومت جلد یا بدیر تسلیم کرنی ہوگی، وزیر اعظم
خطے کے تناظر میں وزیر اعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے، انہوں نے افغانستان میں قومی مفاہمت اور ایک جامع سیاسی ڈھانچے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نئی افغان انتظامیہ کے ساتھ مثبت رابطے رکھے، فوری انسانی امداد بحال اور افغانستان کے منجمد اثاثوں کی ریلیز سمیت اقتصادی تباہی کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
عمران خان نے جاپانی سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت پوری کرنے پر مبارکباد دی اور مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی بنیادوں پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ معاشی، تجارتی، ترقیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسعت دینے سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں، وزیراعظم
جاپان کے سفیر نے ملک کے نومنتخب وزیر اعظم فومیو کیشیدا کو خط لکھنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
کونینوری متسودا نے جاپان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کی حمایت میں اہم کردار ادا کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے جاپانی اور دیگر شہریوں کو افغانستان سے نکالنے میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ 2022 میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کو 70 سال پورے ہوجائیں گے اور دونوں فریقین نے اس سنگ میل کو بھرپور انداز میں منانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔