لائف اسٹائل

’دی بیٹ مین‘ کو مارچ 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان

سائنس فکشن کردار کی گیارہویں فلم کا ٹیزر اگست 2020 میں جاری ہوا تھا، اسے جون 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا۔

مسلسل ایک سال کی تاخیر کے بعد بلآخر ہولی وڈ کی آنے والی سائنس فکشن فلم 'دی بیٹ مین' کا نیا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ سال ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

’دی بیٹ مین‘ کو جون 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے اس کی نمائش موخر کردی گئی تھی۔

’دی بیٹ مین‘ کا پہلا ٹیزر اگست 2020 میں جاری کرتے ہوئے اسے کورونا کے باوجود 2021 میں ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا مگر بعد ازاں اسے 2022 کے موسم بہار تک مؤخر کیا گیا تھا۔

اب فلم کا نیا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ برس 4 مارچ کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’دی بیٹ مین‘ کی ریلیز 2022 تک ملتوی

جاری کیے گئے ٹریلر میں ’بیٹ مین‘ کے کردار میں روبرٹ پیسٹن کو بلٹ پروف لباس میں دکھایا گیا ہے جب کہ ٹریلر میں ’کیٹ وویمن‘ سمیت دیگر کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ہدایت کار میٹ ریویز کی فلم میں روبرٹ پیٹسن کے علاوہ زوئے کارویز کو ’کیٹ وویمن‘، پال ڈینو کو ’رڈلر‘ اور کولن فیئرل کو ’پینگوئن‘ کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں ’بیٹ مین‘ کو ماضی کی فلموں کے برعکس اس مرتبہ بلٹ پروف لباس میں دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں مختلف کاسٹیوم میں بھی دکھایا گیا ہے۔

جہاں اس پر ’بیٹ مین‘ کے لباس کو بہتر بنایا گیا ہے، وہیں اس مرتبہ اس کے کردار کو جاسوسی انداز میں دشمن کو مات دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

مذکورہ فلم ’بیٹ مین‘ کے کردار کی11 ویں مرکزی فلم ہے جب کہ مجموعی طور پر ’بیٹ مین‘ کے مرکزی کی 18 ویں فلم ہے۔

’بیٹ مین‘ کے کردار کو اس کے نام سے بنائی گئی فلموں کے علاوہ دیگر سائنس فکشن فلموں میں بھی پیش جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں: جاسوسی کے بے تاج بادشاہ 'بیٹ مین' شیطانوں کو سبق سکھانے آگئے

یہ پہلا موقع ہوگا کہ روبرٹ پیٹسن سپر ہیرو جاسوس فلم میں 'بیٹ مین' کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، اس سے قبل 'بیٹ مین' سیریز فلموں میں مرکزی کردار کرسٹین بیل، بین ایفلک اور مائیکل کیوٹن ادا کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

'بیٹ مین' کے سائنس فکشن کامک کردار کو 1939 میں تخلیق کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اسے صرف کتابوں میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد اس پر ٹی وی سیریز بنائی گئی تھی۔

کامک کتابوں اور ٹی وی سیریز کے بعد 'بیٹ مین' کے کردار پر پہلی مرتبہ 1943 میں اسی نام سے فلم بنائی گئی تھی، جس کے بعد اسی کردار کی دوسری فلم 1949 میں سامنے آئی۔

پہلی دونوں فلموں کی کامیابی کے بعد اسی کردار کی تیسری فلم 1966 میں، چوتھی فلم 1989، پانچویں فلم 1992، چھٹی فلم 1993، ساتویں 1995، آٹھویں 1997 اور نویں 2005 میں ریلیز کی گئی تھی۔

'بیٹ مین' کے کردار کی دسویں فلم 'دی ڈارک نائٹ' کو 2008 میں پیش کیا گیا تھا، اسی سلسلے کی گیارہویں فلم 2012، بارہویں فلم 2016، تیرہویں فلم 'سوسائڈ اسکاڈ' بھی 2016 میں ریلیز کی گئی تھی۔

'بیٹ مین' کردار کی 14 ویں فلم 2017، پندرہویں فلم 'جسٹس لیگ' 2017، سولہویں فلم 'جوکر' 2019 میں ریلیز کی گئی۔

'بیٹ مین' کردار پر اگرچہ خصوصی فلمیں بھی بنائی گئیں تاہم اس کردار کو 'جسٹس لیگ، ڈان آف جسٹس، جوکر، سوسائڈ اسکاڈ اور ڈارک نائٹ' جیسی فلموں میں بھی پیش کیا گیا۔

بختاور بھٹو نے مرحوم دادا اور ماموں کی مناسبت سے بچے کا نام رکھ لیا

لوگ میرا موازنہ میرے والد سے کرتے ہیں جو غیر منصفانہ ہے، علی عباس

دو سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے، جلد شادی کریں گے، آئمہ بیگ، شہباز شگری