پاکستان

آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی تکمیل کیلئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں، حکومت

واشنگٹن میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، فنانس ڈویژن

اسلام آباد: فنانس ڈویژن نے اعلان کیا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری فنانس ڈویژن واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی سربراہی کر رہے ہیں۔

دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیمیں متعلقہ ڈیٹا سیٹ کے تبادلے کے بعد ورچوئل فارمیٹ میں تفصیلی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے قرض سے متعلق پاکستانی ڈیٹا کی توثیق کی ہے، شوکت ترین

فنانس ڈویژن نے کہا کہ مذاکرات کے اختتام کے لیے کسی بھی مرحلے پر کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

قبل ازیں جمعہ کو وزیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستانی سفارتخانے میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دور کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ سیکریٹری خزانہ قرض دہندہ ادارے سے مذاکرات جاری رکھنے کے لیے واشنگٹن میں رکیں گے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک اور وہ نیویارک سے ورچوئلی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

پاکستان، آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، سیکریٹری خزانہ

دوسری جانب ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیڈلاک کی خبروں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بہترین بات چیت چل رہی ہے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی پر پُرامید ہوں، شوکت ترین

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 15 اکتوبر کو مذاکرات شروع ہوئے تھے اور اسی روز وزیر خزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات بھی کی اور جمعہ کے روز جہاں سے مذاکرات ختم ہوئے تھے، پیر کی صبح وہیں سے دوبارہ بات چیت شروع ہو گی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر خزانہ نے مجھے تاکید کی کہ میڈیا میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے حوالے سے چلنے والی منفی خبروں پر وضاحت جاری کروں کہ ایسی خبروں سے غلط تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بہترین بات چیت چل رہی ہے اور بات چیت کافی آگے تک پہنچ گئی ہے، سیکریٹری خزانہ اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں اور مذاکرات ختم کر کے ہی واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مالیاتی اشاروں میں بہتری نظر آرہی ہے، آئی ایم ایف

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ سال جو تخمینے لگائے تھے اس کے برعکس ہماری معاشی کارکردگی کافی بہتر رہی تھی، ابھی بھی اگر آئی ایم ایف کے اپنے تخمینے ہیں تو ہماری ٹیم انہیں معاشی اشاریوں کے حوالے سے آگاہ کر رہی ہے، اُمید ہے کہ وہ آئی ایم ایف کو قائل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مزمل اسلم نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے بھارت اور جاپان جیسے ممالک سمیت پاکستان کی کرنسی پر دباؤ آیا ہے تاہم یہ عارضی مسئلہ ہے۔

حکومت کی مدت پوری کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مولانا فضل الرحمٰن

ورلڈ کپ کے پہلے ہی دن بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست، اسکاٹ لینڈ کامیاب

کورونا وائرس ویکسین سے دیگر کورونا وائرسز سے بھی تحفظ ملنے کا امکان