ہم ایک پیج پر ہیں، معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے معتلق نوٹی فکیشن میں تاخیر پر پیدا ہونے والے ابہام کو ’مسترد‘ کردیا گیا۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: نوٹیفکیشن میں تاخیر: آئی ایس آئی سربراہ سے متعلق اجلاس جلد ہونے کا امکان
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ ’ہم ایک پیج پر ہیں اور معاملہ خوش اسلوبی سے جلد حل ہوجائے گا‘۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ان دنوں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے میں آنے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری کرنے میں تاخیر کے باعث شدید قیاس آرائیوں کی لپیٹ میں ہے۔
اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر گفتگو ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتی کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات
انہوں نے زور دیا کہ آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے متعلق نوٹی فکیشن پر قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران معاملے کے متعلق سوال پر غیر مخصوص انداز میں واضح جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو ’سول ملٹری‘ معاملات پر بات کرنے کا اختیار ہے۔
آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی کے تقرر کے معاملے کے علاوہ کابینہ اجلاس میں رحمت للعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے وفاق اورصوبوں میں عشرہ رحمت اللعالمین مذہبی جوش وجذبے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے.
کابینہ کے اجلاس میں افغان شہریوں کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے گئی.