پاکستان

ٹرانسفارمر دھماکے کا واقعہ: نیپرا نے حیسکو پر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا

حیسکو، متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معیاری حفاظت کو برقرار رکھنے اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، نیپرا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں ٹرانسفارمر میں دھماکا ہونے پر حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) پر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔

12 جولائی کو ہونے والے اس دھماکے سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریگولیٹر کی جانب سے حیسکو کو جان لیوا واقعے پر 9 اگست کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

نیپرا نے کہا کہ اس نے نیپرا ایکٹ 1997 کی دفعہ 27 ’اے‘ کے تحت 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے معاملے پر تفصیلی تحقیقات کی، کمیٹی نے رہائشیوں کے بیانات ریکارڈ کیے اور متعلقہ عہدیداران اور حیسکو کے افسران سے بھی تفتیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد میں پی ایم ٹی پھٹنے کا واقعہ: حیسکو کا متعلقہ عملہ معطل

کمیٹی نے خراب ٹرانسفارمر کا بھی تجزیہ کیا، اس کے مینوفیکچرر کا دورہ اور ریگولیٹر کو تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں حیسکو کے ملازم سمیت 10 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ 12 زخمی ہوئے تھے۔

تحقیقاتی کمیٹی کی جمع کردہ رپورٹ کے بعد نیپرا کی جانب سے حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ کمپنی جلد از جلد تمام تر ترسیلی نیٹ ورک کو بہتر کرے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے۔

نیپرا نے حیسکو کو نوٹس کا جواب دینے کے لیے 15 روز کا وقت دیا گیا تھا تاکہ ریگولیٹر قانون کے مطابق فیصلہ کرسکے۔

مزید پڑھیں: حیسکو افسران کے خلاف مقدمہ، وفاقی وزیر برہم

شوکاز نوٹس جاری کرنے کے ساتھ ریگولیٹر نے حیسکو کو سماعت کا موقع بھی فراہم کیا سہولت بھی فراہم کی گئی، ریکارڈ پر موجود شواہد، حیسکو کا مؤقف سننے اور قوانین و ضوابط کی متعلق شقوں کی بنیاد پر نیپرا اس نتیجے پر پہنچا کہ کمپنی، متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معیاری حفاظت کو برقرار رکھنے اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی۔

لہٰذا ریگولیٹر نے حیسکو پر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا، اتھارٹی نے کہا کہ حیسکو نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے ملازمین کے لواحقین کو 35 لاکھ اور دیگر 9 متاثرہ خاندانوں کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا۔

نیپرا نے حیسکو کو ہدایت دی کہ وہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے عام شہریوں کے لواحقین کو بھی اتنا ہی معاوضہ ادا کرے جتنا اپنے ملازمین کے لواحقین کو کیا ہے جو 35 لاکھ ہے اور معاوضہ ادا کرنے کے بعد ریگولیٹر کو دستاویزی ثبوت بھی جمع کرائے۔

عاصم اظہر کی ڈراما ’صنفِ آہن’ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی تصدیق

اڈانی پورٹس کا ایران، پاکستان اور افغانستان کو برآمدات اور درآمدات کی سہولت دینے سے انکار

ای سی سی نے فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے گیس کی زیادہ سےزیادہ فراہمی کی منظوری دے دی