لائف اسٹائل

آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد

شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا نے دو دن قبل ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر 8 اکتوبر کو سماعت ہوئی۔

بھارت کی مقامی عدالت نے منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے کیس میں گرفتار بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور فیشن ڈیزائنر گوری خان کے 23 سالہ بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق میٹروپولیٹن کورٹ میں آریان خان اور ان کے ساتھ گرفتار ہونے والے ارباز مرچنٹ اور ماڈل منمن دھمیچا نے بھی ضمانت کی درخواست دی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

دوران سماعت آریان خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نارکوٹکس فورس نے ان کے موکل کو رنگے ہاتھوں منشیات استعمال کرتے یا رکھتے ہوئے نہیں پکڑا اور نہ ہی ان کے موکل نے الزامات کو تسلیم کیا ہے، اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔

کئی گھنٹوں تک چلنے والی سماعت کے دوران نارکوٹکس فورس نے آریان خان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی اور عدالت کو آگاہی دی کہ ملزمان کا تحویل میں ہونا لازمی ہے۔

عدالت کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد آریان خان کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کردیا گیا، وہ مزید 13 دن عدالتی ریمانڈ پر جیل میں رہیں گے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق آریان خان اور ان کے دیگر ساتھیوں کو جیل منتقل کیے جانے سے قبل ان کی ضمانت درخواست کی سماعت ہوئی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

آریان خان اور ان کے ہمراہ گرفتار کیے گئے 7 ملزمان کو میٹروپولیٹن کورٹ نے 7 اکتوبر کو 14 دن کی عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

آریان خان کو 3 اکتوبر کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

نارکوٹس فورس نے آریان خان کو ساتھیوں سمیت 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرکے ابتدائی طور پر ان کا 7 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا جو آج ختم ہونے پر انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس فورس نے 7 اکتوبر کو بھی آریان خان کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

اب آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو 21 اکتوبر کے بعد اینٹی نارکوٹکس عدالت میں پیش کیا جائے گا لیکن اس سے قبل آریان خان کے والدین کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

یہ پہلا موقع ہے کہ بولی وڈ خان کے بیٹے کو کسی کیس میں پولیس نے گرفتار کیا ہے، اس سے قبل شاہ رخ خان یا ان کے کسی اہل خانہ کے رکن کو کبھی گرفتار نہیں کیا گیا، البتہ اداکار پر ماضی میں مقدمات درج کروائے جاتے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کے بچے یا خود کامیاب اداکار منشیات کے استعمال یا دوستوں کے ہمراہ ڈرگس پارٹیاں کرنے کے الزامات میں گرفتار ہوتے رہے ہیں۔

آریان خان کے ہمراہ 39 سالہ ماڈل منمن دھمیچا بھی گرفتار ہوئی ہیں، یہ تمام لوگ ممبئی کے قریب سمندر میں کروز پارٹی کر رہے تھے کہ انہیں نارکوٹکس فورس نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔

آریان خان کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

آریان خان کے ساتھ گرفتار کی گئی ادھیڑ عمر خاتون کون ہیں؟