کھیل

بین اسٹوکس کا ایشز سیریز میں شرکت کا امکان کم ہوگیا

بین اسٹوکس آئندہ چار ہفتوں تک بورڈ کی میڈیکل ٹیم کے نگرانی میں بحال کے سخت دور سے گزریں گے، ای سی پی

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس اپنی زخمی انگلی کے دوسرے آپریشن کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں کھیلنے کا موقع گنوا سکتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 30 سالہ بین اسٹوکس نے جولائی سے کرکٹ نہیں کھیلی ہے، جب انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ذہنی صحت پر توجہ اور اپنے بائیں ہاتھ کی پہلی انگلی کو آرام دینے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔

ای سی پی کا کہنا تھا کہ اپریل میں آئی پی ایل میچ کے دوران زخمی ہونے والے بین اسٹوکس کی انگلی کا دوسرا آپریشن 4 اکتوبر کو ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'بین اسٹوکس کے بائیں ہاتھ کی پہلی انگلی سے دو اسکریو اور زخمی ٹیشو نکالے گئے، وہ آئندہ چار ہفتوں تک ای سی پی کی میڈیکل ٹیم کے نگرانی میں بحال کے سخت دور سے گزریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا

آپریشن کے باعث انگلینڈ کی آسٹریلیا میں پانچ میچز کی سریز میں بین اسٹوکس کی شرکت انتہائی مشکوک ہے، شیڈول کے مطابق سیریز 8 دسمبر سے برسبن میں شروع ہوگی۔

اس بات کا بھی خدشہ پایا جارہا ہے کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے متعلق سخت پابندیوں کی وجہ سے دورہ منسوخ ہوجائے گا۔

ای سی پی رواں ہفتے اجلاس کرنے جارہا ہے تاکہ ایشز سیریز کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جاسکے جبکہ رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ انگلش بورڈ کی کرکٹ آسٹریلیا سے مثبت گفتگو ہوئی ہے۔

بین اسٹوکس نے 2019 کی ایشز سیریز کے دوران اس وقت جادوئی انداز میں اپنے آپ کو منوایا جب ہیڈنگلے میں ان کے ناقابل شکست 135 رنز کی بدولت انگلینڈ کو چوتھی اننگز میں ریکارڈ 359 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملی تھی جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی تھی۔

مزید پڑھیں: اسٹورٹ براڈ سفری پابندی کے باوجود ایشز سیریز کیلئے پُرامید

آل راؤنڈر نے اپنے جوہر 14-2013 کی ایشز سریز میں دکھائے تھے جب انہوں نے پرتھ کی مشکل بیٹنگ کنڈیشنز میں اپنے کریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی لیکن مچل جانسن کی شاندار کارکردگی کے باعث آسٹریلیا نے 0-5 سے سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

اسٹوکس، برسٹل نائٹ کلب کے باہر جھگڑے کے بعد 18-2017 میں انگلینڈ کے آخری دورہ آسٹریلیا سے باہر ہوگئے تھے تاہم بعد ازاں وہ قصوروار ثابت نہیں ہوئے تھے۔

مہمان ٹیم کو اس دورے میں بین اسٹوکس کی کمی کافی محسوس ہوئی تھی کیونکہ آسٹریلیا نے 0-4 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔

'تائیوان اور چین کے درمیان تنازعات دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے'

افغان شہریوں کی مدد کیلئے رقم ترسیل کرنے کی منصوبہ بندی

بھارت میں برطانوی سفارتکار کو 'جنسی طور پر ہراساں' کرنے کا مقدمہ درج