سری لنکن اداکارہ 'صنف آہن' کا حصہ بننے کو تیار
فوج کی خواتین افسران و اہلکاروں کی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل ’صنف آہن‘ میں اب سری لنکا کی اداکارہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ کی کاسٹ میں اب سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وہ اس ڈرامے میں ایسی سری لنکن کیڈٹ کا کردار ادا کریں گی جو دوسری خواتین کیڈٹ کے ہمراہ ٹریننگ کے لیے پاکستان آتی ہے۔
مزید پڑھیں: 'صنفِ آہن' میں کبریٰ خان اور سجل علی کے کرداروں کی جھلک سامنے آگئی
ڈرامے کی پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز نے یحالی کو ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کیے جانے کی خبر کی تصدیق بھی کی ہے۔
یحالی تاشیا کے اکاؤنٹ پر موجود تصاویر میں انہیں اداکارہ یمنیٰ زیدی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دیں گے اور اسے اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا۔
ڈرامے کو ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' نے بھی معاونت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘
اس کی مرکزی کاسٹ میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں جبکہ بعدازاں عثمان مختار اور میرب علی کو بھی ڈرامے کا حصہ بنایا گیا تھا۔
تمام اداکاراؤں نے بھی رواں برس جون میں ’صنف آہن‘ سے متعلق انسٹاگرام پوسٹس کی تھیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ پانچوں مرکزی اداکارائیں ایک ساتھ کام کریں گی۔
ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی فوج کی 5 خواتین افسران کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔