پاکستان

این سی او سی کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں سے رابطے کا فیصلہ

ان تحصیلوں کو ہدف بنانے کا جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح دیگر کے مقابلے میں کم ہے، این سی او سی

ملک بھر میں اگرچہ کورونا ویکسین کی 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں تاہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسین نہ لگوانے والوں سے رابطہ کرنے اور انہیں ویکسی نیشن کے لیے قائل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مرکزی ہدف وہ اضلاع ہوں گے جہاں ویکسین شدہ افراد کی شرح دوسرے اضلاع سے کم ہے۔

اپنے بیان میں این سی او سی نے کہا کہ اس نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ان تحصیلوں کو ہدف بنانے کا جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح دیگر کے مقابلے میں کم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 'انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے غیر ویکسین شدہ افراد کو ٹریس کرکے ان سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ انہیں ویکسی نیشن کے لیے قائل کیا جاسکے، ہدف یہ ہے کہ جلد از جلد زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانا یقینی بنایا جاسکے'۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں 6 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے، اسد عمر

سینٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں تاکہ ملک میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوسکیں۔

وزارت قومی صحت کے ایک عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ اگر ضلعی انتظامیہ اور اگلے مرحلے میں پولیس کی جانب سے رابطہ کیا جائے تو لوگوں کی اکثریت ویکسی نیشن سے گریز نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ لوگوں کی نفسیات ہے کہ وہ فوری طور پر ہدایات پر عمل کریں اگر انہیں معلوم ہو کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ان پر نظر رکھے ہوئے ہے، اس سے ہمیں ویکسین شدہ افراد کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے گی'۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 6 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کی جزوی اور 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر آج سے سخت پابندیاں عائد

ان میں سے متعدد افراد کی ویکسی نیشن ملک سے باہر ہوئی لیکن رجسٹریش پاکستان میں ہوئی۔

دوسری جانب بدھ کو پاکستان میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کورونا کے سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 2.6 فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق بدھ کو وائرس کے ایک ہزار 212 کیسز سامنے آئے جبکہ 39 افراد جاں بحق ہوئے۔

500 یا زائد ڈالرز کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

بلوچستان میں سیاسی بحران شدت اختیار کرگیا، 3 وزرا اور 2 مشیر مستعفی

'بڑی پیش رفت': عالمی ادارہ صحت نے بچوں کیلئے ملیریا کی پہلی ویکسین تجویز کردی