کھیل

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان کے 4 کھلاڑی کورونا کا شکار

ٹورنامنٹ میں بلوچستان اور ناردرن کے درمیان آج ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے اور 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، پی سی بی
|

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شامل ٹیم بلوچستان کے 4 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد انہیں 10 روز کے لیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے 4 کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا اور انہیں 10 روز کے لیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دیگر تمام کھلاڑیوں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا گیا تھا جو منفی آگیا اور وہ ٹورنامنٹ میں بدستور حصہ لیں گے۔

پی سی بی نے کہا کہ دیگر تمام افراد اور ان کے اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا جن کے رزلٹ منفی آچکے ہیں۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ میں آج (6 اکتوبر) کو شیڈول ناردرن اور بلوچستان کے درمیان میچ ملتوی کردیا گیا اور اس کے بجائے ناردرن اور ساؤدرن پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

بلوچستان اور ناردرن کے درمیان ملتوی ہونے والا میچ 9 اکتوبر کو شام کو کھیلا جائے گا۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان 7 اکتوبر کو میچ شیڈول ہے جو شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا اور بلوچستان کی ٹیم میں کرکٹ ایسوسی ایشن چمپیئن شپ کے تین روزہ ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو شامل کرکے اپنا اسکواڈ مکمل کرے گی۔

بیان کے مطابق کھلاڑیوں کی منتقلی ببل سے ببل میں ہوگی لیکن یہ منتقلی پی سی بی کے کووڈ-19 پروٹوکولز کے مطابق سی ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہوگی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑی بھی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا حصہ ہیں اور وہ 6 اکتوبر اور 7 اکتوبر کے میچوں میں شریک ہوں گے جس کے بعد 8 اکتوبر کرٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔

پی سی بی نے آئی سی سی کے قواعد کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے منتخب کھلاڑیوں کے لیے ببل تیار کرلیا ہے۔

بورڈ نے بیان میں کہا کہ پی سی بی صورت حال کی نگرانی کر رہا ہے اور تمام شرکا اور ان کے اہل خانہ کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں کے دوران ٹیسٹ کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہائیکورٹ نے بھارتی جاسوس کو وکیل مقرر کرنے کا ایک اور موقع دے دیا

واٹس ایپ کی بندش کے بعد ٹیلی گرام کی مقبولیت میں اضافہ

افغانستان میں کئی ماہ کی تاخیر کے بعد پاسپورٹ کا دوبارہ اجرا