پشاور میں فائرنگ سے سکھ حکیم قتل
پشاور میں چارسدہ بس اسٹینڈ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سکھ حکیم کو قتل کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے مقتول کی شناخت حکیم ستنام سنگھ کے نام سے کی جنہیں فقیر آباد تھانے کی حدود میں ان کے کلینک میں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے ستنام سنگھ پر فائرنگ کی اور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کے بھائی نے مقامی پولیس کو بتایا کہ ستنام سنگھ محلہ جوگن شاہ میں اپنے گھر سے کلینک گئے تھے جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں قتل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ستنام سنگھ سے کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: شادی کیلئے وطن واپس آنے والا سکھ نوجوان قتل
فقیر آباد تھانے کے ایس ایچ او اعجاز نبی کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بیان میں سکھ حکیم کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے سٹی پولیس کو واقعے میں ملوث ملزمان کو تلاش کرکے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔