دنیا

یروشلم: چاقو کے وار کی مبینہ کوشش پر اسرائیلی فورسز نے خاتون کو قتل کردیا

پولیس نے دعویٰ کیا کہ یروشلم میں خاتون نے مسجد الاقصیٰ کی طرف جانے والی ایک گلی میں پولیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر قتل کردیا جس پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر یروشلم کے اولڈ سٹی میں افسران پر چاقو سے حملے کی کوشش کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پولیس نے دعویٰ کیا کہ شمال مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے ایک لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جس نے مبینہ طور پر رات گئے گرفتاری کی کارروائی کے دوران ان پر فائرنگ کی تھی۔

پہلے واقعے کے حوالے سے پولیس کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ یروشلم میں خاتون نے مسجد الاقصیٰ کی طرف جانے والی ایک گلی میں پولیس پر وار کرنے کی کوشش کی۔

اے ایف پی کے ایک صحافی نے گولیوں کی آوازیں سنی اور ایک خاتون کی لاش کو زمین پر دیکھا جس پر بعد میں ایک کمبل ڈال دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسرائیل نے کب اور کیسے فلسطین پر قبضہ کیا، کتنی زندگیاں ختم کیں؟

اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ حملہ آور پر 'فائرنگ' کی گئی اور 'جائے وقوع پر پہنچنے والے طبی عملے نے انہیں مردہ قرار دیا۔

پولیس نے بتایا کہا کہ حملے کی کوشش کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں قبطیہ سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ خاتون اسلام کی تیسری مقدس ترین جگہ مسجد الاقصیٰ کے کمپاؤنڈ سے نکل رہی تھیں جہاں انہوں نے افسران پر حملہ کیا۔

پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ شمال مغربی کنارے کے برکین گاؤں میں بھی اسرائیلی فوجی اور بارڈر پولیس 'مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور اسلحہ تلاش کرنے کے لیے ایک آپریشن کر رہی تھی'۔

پولیس نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ایک مسلح شخص نے فورسز پر فائرنگ کی جو جھڑپ کے دوران گاؤں میں کام کر رہے تھے۔

پولیس کے ترجمان نے اے ایف پی کو اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'بارڈر پولیس فورسز نے فائرنگ کا جواب دیا اور خطرے کو ختم کیا'۔

یہ بھی پڑھیں: وہ عوامل جنہوں نے اسرائیل کو ’ظلم‘ جاری رکھنے کا حوصلہ دیا!

فلسطینی گروپ اسلامک جہاد نے کہا کہ ہلاک ہونے والا شخص ان کے فوجی ونگ کا رکن تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

یروشلم میں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز مسجد الاقصیٰ کے ہر داخلی دروازے پر تعینات ہیں جو یہودیوں کے ٹیمپل ماؤنٹ کے نام سے جانا جاتا ہے جو یہودیت کا مقدس ترین مقام ہے۔

یہ کمپاؤنڈ مشرقی یروشلم میں واقع ہے، اس شہر کا فلسطینی سیکٹر جس پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کیا تھا اور بعد میں اس کا الحاق کیا گیا جسے کبھی عالمی برادری نے تسلیم نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز بھی مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی چھاپے کے بعد حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے۔

مطالبات سے انکار پر فلم ساز نے ’ریپ‘ کی دھمکیاں دیں، بھارتی اداکارہ نیہا سکسینا

ایف بی آر اور تاجروں کے صدارتی آرڈیننس پر مذاکرات بےنتیجہ ثابت

مداحوں سے رابطے کیلئے اداکارہ ایمن سلیم نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنالیا