دنیا

پاکستانی نژاد امریکی معتبر فزیشنز کالج کے سربراہ نامزد

ڈاکٹر عمر عتیق اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی نژاد اور دوسرے غیر ملکی میڈیکل گریجوایٹ ہیں۔

پاکستانی نژاد امریکی فیزیشن ڈاکٹر عمر عتیق کو امریکن کالج آف فِزیشنز (اے سی پی) کے اگلے صدر کے لیے نامزد کردیا گیا، وہ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سنگل سلیٹ انتخاب جنوری 2022 میں منعقد ہوگا۔

ڈاکٹر عمر عتیق اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی نژاد اور دوسرے غیر ملکی میڈیکل گریجویٹ ہیں۔

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'یہ پاکستانی امریکی برادری کے لیے قابل فخر اور تاریخی لمحہ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم اس شاندار پیشہ ورانہ کامیابی کو تسلیم اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں'۔

ڈاکٹر عمر عتیق ادویات اور آٹولیرنگولوجی (سر اور گردن کی سرجری) کے پروفیسر ہیں، جو آرکنساس میں مقیم ہیں۔

دسمبر 2019 میں انہوں نے اپنے تقریباً 200 کینسر کے مریضوں کے علاج کے 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر بطور قرض ادا کیے، ڈاکٹر عتیق نے ان مریضوں کو کرسمس سے قبل چھٹیوں کی مبارک باد دی اور انہیں آگاہ کیا کہ ان کے بقایاجات کی ادائیگی کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی مریضوں کو 10 کروڑ روپے معاف کرنے والا پاکستانی ڈاکٹر

اپریل 2019 میں ڈاکٹر عتیق کو اے سی پی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کے طور پر نامزد کیا گیا، وہ 1993 سے اے سی پی کے فیلو ہیں، فیلوشپ ایک اعزاری عہدہ ہے جو میڈیسن کی پریکٹس میں جاری انفرادی خدمات اور شراکت کو تسلیم کرتا ہے۔

ڈاکٹر عمر عتیق آرکنساس ریاست کے میڈیکل بورڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل وہ آرکنساس میڈیکل سوسائٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، وہ اے سی پی کے آرکنساس چیپٹر میں بطور گورنر چار سال خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر عتیق نے اپنی میڈیکل کی ڈگری پاکستان کی پشاور یونیورسٹی کے خیبر میڈیکل کالج سے حاصل کی تھی، وہ میڈیکل آنکولوجی (علم سرطان)، ہیماٹولوجی (خون کی بناوٹ کا علم) اور انٹرنل میڈیسن میں بورڈ سے سند یافتہ ہیں۔

امریکن کالج آف فزیشنز، امریکا کی سب سے بڑی ماہر طب کی تنظیم ہے جس کے دنیا کے 145 سے زائد ممالک میں اراکین موجود ہیں، اے سی پی کے اراکین میں ایک لاکھ 54 ہزار انٹرنل میڈیسن فزیشنز (انٹرنسٹ)، متعلقہ ماتحت ماہرین اور میڈیکل کے طلبہ شامل ہیں۔

برطانیہ میں پیٹرول کا بحران: طبی عملے، اساتذہ، پولیس کا ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کا مطالبہ

پیپلز پارٹی دور کے قانون کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست

لتا منگیشکر کا 20 برس قبل ریکارڈ کیا گیا گانا ریلیز