پاکستان

تمام اداروں سے مطالبہ ہے 2023 میں شفاف انتخابات کرنے ہوں گے، شہباز شریف

نواز شریف کی قیادت میں 2023 میں پاکستان تحریک انصاف کو ہمیشہ کے لیے سیاسی طور پر دفن کر دیں گے، صدر مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا فیصلہ، حق اور مطالبہ ہے کہ ہر صورت اس قوم کو 2023 میں الیکشن کمیشن، عدالت عظمیٰ، انتظامیہ، مقننہ اور تمام اداروں کو شفاف انتخابات مہیا کرنے ہوں گے۔

راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنڈی والوں کو کنٹونمنٹ میں عظیم کامیابی حاصل کرنے پر اپنی طرف سے نواز شریف اور پوری مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مبارک باد دینے آیا ہوں۔

مزید پڑھیں: کنٹونمنٹ انتخابات: گوجرانوالہ میں شکست پر نواز شریف کی شہباز شریف کو تحقیقات کی ہدایت

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے، آپ نے کنٹونمنٹ میں سیٹیں جیتیں اور راولپنڈی والوں نے لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ لاہور نے بھی شان دار فتح حاصل کی مگر پنڈی کا مقابلہ کہیں نہیں، آپ کو نواز شریف اور شہباز شریف کا سلام اور حنیف عباسی سمیت سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ وہ جگہیں ہیں جہاں آج سے 8، 10 سال قبل پی ٹی آئی نے آنکھ کھولی تھی اور اسی کنٹونمنٹ بورڈ میں اس الیکشن میں پی ٹی آئی کو اپنی نیند آپ سلادیا ہے، اس سے بڑی فتح نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اشارہ ہے کہ اللہ نے چاہا تو جس طرح یہ کنٹونمنٹ بورڈ کے شفاف انتخابات ہوئے، کسی طرف سے کوئی مداخلت نہیں ہوئی اور اگر 2023 کے انتخابات میں جو کہ ہمارا مطالبہ نہیں ہمارا حق ہے اور فیصلہ ہے کہ ہر صورت اس قوم کو 2023 میں شفاف الیکشن مہیا کرنے ہوں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو، یہ ہمارا مطالبہ عدالت عظمیٰ سے بھی ہے، عدالت عالیہ، انتظامیہ، مقننہ اور تمام اداروں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے چاہا تو نواز شریف کی قیادت میں 2023 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ہمیشہ کے لیے سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں، پنڈی شہر میں، فیصل آباد، کراچی، پشاور میں، پہاڑوں اور میدانوں میں بھی، ریگستانوں اور کنٹونمنٹس میں بھی، اس ملک میں ہر طبقے میں یہ شعور پیدا ہوگیا کہ سوا تین سال پہلے ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کو سلیکٹ کروا کے آج اس سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوامی خدمت اور خوش حالی کے جو منصوبے لگے وہ سب کے سامنے ہیں، چاہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو جس سے 20،20 گھنٹے اندھیرے ہوتے تھے لیکن نواز شریف نے وہ اندھیرے ختم کر دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) لایا گیا جس کو عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے بدنام کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی، دن رات جھوٹ بولا گیا، گوادر پورٹ ہو، ہزاروں کلومیٹر موٹرویز ہوں یا عوامی ٹرانسپورٹ ہوں، وزیراعظم صحت کارڈ ہوں، مفت ادویات ہوں، لیپ ٹاپ یا لاکھوں بچوں کو تعلیمی وظائف ہوں، ان 5 برسوں میں پاکستان کی تقدیر بدلنے جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترکی کے ہم پلہ ہوتا اور ہندوستان کو پیچھے چھوڑتے اور پاکستان کو عظیم قوت بناتا مگر بدقسمتی ہے، آج مہنگائی کا حال دیکھیں، غریب آدمی مشکلات کا شکار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج آٹا، دال، چاول اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بجلی، تیل اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بجلی کے بل بجلی بن کر غریب عوام پر ٹوٹ کر حملہ کر رہے ہیں جبکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہہ رہا ہے گھبرانا نہیں ہے حالانکہ قوم معاشی طور پر بدحال ہوگئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ آپ کہتے ہیں گھبرانا نہیں، آپ نے پاکستان کو معاشی طور پر برباد کردیا، دنیا میں آج پاکستان کی کوئی عزت نہیں، قرضے لے کر پاکستان کو کنگال کر دیا ہے، 22 کروڑ عوام اور ہر بچے کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جو مہنگائی ہے، اس نے قوم کے اندر ایک احتجاجی صورت حال پیدا کر دی ہے، اگر اس ملک میں کسی تحریک کا جواز بن چکا ہے تو وہ مہنگائی کے خلاف ہے، آپ کو جلد اٹھنا ہوگا اور ایک طوفان کی طرح مہنگائی کے خلاف نکلنا ہوگا اور عوامی لہروں سے اس حکومت کو دریا برد کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگ آج بے روزگار ہوچکے ہیں، کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے 50 لاکھ گھر دیں گے، ایک 6 افراد کا گھرانہ اپنے مکان کا کرایہ ادا نہیں کرسکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شیخیاں بگھارنے اور سستے نعرے لگانے تو آسان ہیں لیکن نواز شریف کی قیادت میں مکمل ہونے والے منصوبے آج عوام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2018 کے الیکشن میں لاکھوں بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں اور آج یہ گھر ان غریبوں کو دے چکے ہوتے، لاکھوں لوگوں کو روزگار مل گیا تھا اور مزید لاکھوں لوگوں کو روزگار مل جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 171 روپے کا ہوگیا ہے، دوائیوں کے نام پر پہلے ہی ڈاکا پڑ چکا ہے، چینی نواز شریف کے زمانے میں 52 روپے تھی لیکن آج 110 روپے کلو ہے، آٹا 70 روپے سے آگے بڑھ گیا ہے، ایسا بدترین زمانہ کبھی نہیں دیکھا۔

شہباز شریف نے کارکنوں سے کہا کہ تیار ہوجاؤ ہم نے اس حکومت کی مہنگائی کے خلاف تحریک چلانی ہے، ان کو سبق سکھانا ہے، ان کو سیاسی طور پر شکست دینی ہے، پاکستان کو عظیم بنانا ہے، پاکستان کا جھنڈا عظیم بنانا ہے اور خون سے اور محنت کرو تو پاکستان عظیم بنے گا۔

گوادر: دستی بم حملے کے نتیجے میں قائداعظم کا نصب مجسمہ منہدم

سام سنگ کا نیا مڈرینج 5 جی فون گلیکسی ایم 52

نادرا نے طور خم پر جرائم پیشہ افراد کے سفر کے دعووں کو مسترد کردیا