گوادر خود کش دھماکے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
گوادر: انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دیگر قانون نافذ کرنے والے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے ضلع کیچ میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جو گزشتہ ماہ گوادر میں ہونے والے خود کش حملے میں ملوث ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے تربت کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور شعیب نامی شخص کو گرفتار کیا، بعد ازاں شعیب کی فراہم کردہ معلومات پر سیکیورٹی اداروں نے ایک اور مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، یہاں سے سیکیورٹی اداروں نے متعدد ہتھیار اور دھماکا خیز مواد کے ساتھ دستی بم بھی برآمد کیے۔
مزید پڑھیں: گوادر: چینی شہریوں کی گاڑی کے قریب 'خودکش دھماکا'، دو بچے جاں بحق
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان تنیوں ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان نے گوادر میں ہونے والے خود کش حملے میں معاونت کی تھی اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ یہ ملزمان سیکیورٹی اداروں سمیت شہریوں پر مزید حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ اس دہشت گرد تنظیم کا حصہ ہیں جنہوں نے گوادر میں خود کش حملہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اس واقعے میں خود کش بمبار نے گوادر میں چینی پاشندوں کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں دھماکے کے مقام پر موجود 4 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر اور کوئٹہ حملوں میں ملوث دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، شیخ رشید
واقعے میں ہلاک ہونے والے بچے سڑک کے کنارے کھیل رہے تھے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور واقعے میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک عارف نے تفتیسی اہلکارووں کو بتایا کہ اس کے بھائی احمد نے خود کش بمبار کو ایران کے علاقے رامین سے گوادر منتقل کیا تھا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ اس نے خود کش بمبار کو 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب وصول کیا اور بعد ازاں اسے کسٹم ویئر ہاؤس کے قریب رہائش فراہم کی۔
مزید پڑھیں: گوادر: 'ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل، نیوی اہلکار سمیت 5 شہید'
عارف نے انکشاف کیا کہ ایران میں شیران چاہ بہار کے علاقے کا رہائشی رسول بنگش اس حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، اس نے مزید انکشاف کیا کہ رسول بنگش نے 2019 میں گوادر کے پی سی ہوٹل پر ہونے والے حملے میں ملوث افراد کو منتقل کرنے کے لیے اپنے مرحوم والد کو استعمال کیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے آپریشن سے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
یہ رپورٹ 26 ستمبر 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی