لائف اسٹائل

والد کی ’سرپرستی‘ ستمبر کے آخر تک ختم کی جائے، برٹنی اسپیئرز

گلوکارہ کے والد 13 سال سے قانونی طور پر ان کے سرپرست ہیں اور وہ ان کی زندگی سے متعلق تمام اہم فیصلے کرتے ہیں۔

پاپ گلوکارہ 39 سالہ برٹنی اسپیئرز کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ گلوکارہ کے والد کی ’سرپرستی‘ فوری طور پر ستمبر کے آخر تک ختم کی جائے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برٹنی اسپیئرز کے وکیل نے لاس اینجلس کی عدالت میں دائر کردہ تازہ درخواست میں استدعا کی ہے کہ گلوکارہ کے والد کو 29 ستمبر تک ’سرپرستی‘ سے ہٹایا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گلوکارہ کی خواہش ہے کہ ان کے والد کو فوری طور ’سرپرستی‘ سے ہٹاکر کسی دوسرے شخص یا منیجمنٹ ادارے کو منتظم مقرر کیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مکمل طور پر جیمز اسپیئرز کو بیٹی کی ’سرپرستی‘ سے حالیہ موسم خزاں میں ہی الگ کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کا والد کی سرپرستی ختم کرانے کیلئے چوتھی مرتبہ عدالت سے رجوع

مذکورہ عدالت میں برٹنی اسپیئرز پہلے بھی والد کی سرپرستی ختم کرنے کے لیے درخواست دائر کر چکی ہیں جب کہ اسی عدالت میں گلوکارہ کے والد نے بھی منتظم کے عہدے سے ہٹنے کی رضامندی کے دستاویزات جمع کروا رکھے ہیں۔

مذکورہ معاملے پر رواں ماہ 29 ستمبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے اور اب برٹنی اسپیئرز کے وکیل کی جانب سے درخواست دائر کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ گلوکارہ کے والد کو ہٹایا جائے گا۔

گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرست ہیں، جس کے تحت وہ بیٹی کے ہر برے اور اچھے فیصلے کرنے کے مالک ہیں اور بیٹی ان کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتیں۔

عدالت نے ان کے والد کو اس وقت سرپرست مقرر کیا تھا جب کہ 2008 میں گلوکارہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کے والد ’سرپرستی‘ کی ذمہ داریاں چھوڑنے کو تیار

تب سے آج تک گزشتہ 13 سال سے ان کے والد ہی ان کے سرپرست ہیں اور گلوکارہ نے گزشتہ دو سال سے متعدد بار انہیں ہٹانے کی درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں مسترد کیا گیا تھا مگر اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی درخواست منظور کی جائے گی۔

برٹنی اسپیئرز نے حال ہی میں 13 ستمبر کو اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ سام اصغری سے منگنی بھی کی تھی، جن سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔

سام اصغری سے قبل برٹنی اسپیئرز نے 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر یں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

برٹنی اسپیئرز کے وکیل کا والد کی 'سرپرستی' فوری ختم کرنے کا مطالبہ

'سرپرستی' ختم کرنے کیلئے برٹنی اسپیئرز کے والد کی درخواست

برٹنی اسپیئرز نے دیرینہ دوست سے منگنی کرلی