'بیوی کو شوہر کی دوسری شادی کا ڈر ہونا چاہیے' کے بیان پر منیب بٹ کی وضاحت
مقبول اداکار منیب بٹ میں خواتین کو شوہر کی دوسری شادی سے خوفزدہ ہونے سے متعلق دیے گئے بیان سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات انہوں نے مذاق میں کہی تھی۔
خیال رہے کہ منیب بٹ 2 روز قبل اپنا نیا ڈراما 'بددعا ' شروع ہونے سے قبل اداکارہ امر خان کے ساتھ معروف میزبان ندا یاسر کے مارننگ شو 'گڈ مارننگ پاکستان ' میں شریک ہوئے تھے۔
اسی شو میں گفتگو کے دوران منیب بٹ اور ندا یاسر نے زندگی میں کسی چیز کا خوف ہونے سے متعلق بات کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
مزید پڑھیں: ماہرہ و صبا قمر کے ساتھ فلم میں رومانس نہیں کرسکتا، منیب بٹ
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منیب بٹ پوچھتے ہیں کہ 'آپ کو کس چیز سے ڈر لگتا ہے؟' جس پر ندا یاسر ہنستے ہوئے کہتی ہیںکہ مجھے ڈر لگتا ہے کہ میرے میاں دوسری شادی نہ کرلیں۔
ندا یاسر کی بات کا جواب دیتے ہوئے منیب بٹ کو ویڈیو میں کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ 'یہ ڈر ہونا چاہیے، یہ ڈر تو ہر خاتون کو ہونا چاہیے اور اس لیے اسے اپنے شوہر کا خیال رکھنا چاہیے'۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منیب بٹ مزید کہتے ہیں کہ 'عورت کو اپنے شوہر کو اتنی محبت دینی چاہیے کہ اس کا ذہن کسی اور طرف نہ جائے'۔
تاہم مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر منفی ردعمل کا سامنا ہونے کے بعد منیب بٹ نے اس حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ وہ ویڈیو کلپ ہے جسے چند سائٹس نے غلط انداز میں پیش کیا ہے۔
منیب بٹ نے کہا کہ یہ کوئی سنجیدہ گفتگو نہیں تھی جیسا کہ دیکھا گیا کہ ہم مذاق کر رہے ہیں اور میں نے طنز و مزاح کے انداز میں کہا تھا آپ کو ڈرنا چاہیے اور شوہر سے زیادہ محبت کرنی چاہیے۔
انہوں نے اپنے بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ میرے کردار کو بدنام کرنے کے لیے ایک کلپ چننا اور اسے مختلف سیاق و سباق میں استعمال کرنا صحافت نہیں ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں سوچتا کہ خواتین کو مسلسل اس خوف کے زیرِ اثر رہنا چاہیے کہ ان کا شوہر انہیں چھوڑ دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: منیب بٹ کا منال خان اور صبور علی کو شادی کرنے کا مشورہ
منیب بٹ نے کہا کہ میں ایک شوہر ہوں اور اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں اور وہ بھی مجھ سے محبت کرتی ہے، یہ ہمارے تعلق کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ان کلپس کو شیئر کرنے والے تمام پیجز سے درخواست کروں گا کہ وہ حقائق کی جانچ کریں پھر اس طرح کا منفی مواد کو پھیلائیں۔
اسی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ندا یاسر نے کہا کہ 'میں نے بھی مذاق میں کہا تھا لوگ باتوں کو الگ رنگ کیوں دیتے ہیں'۔
ندا یاسر نے مزید کہا کہ 'اب مذاق مستی بھی نہ کریں، جان لیں گے کیا ہماری '۔