لائف اسٹائل

کرکٹ کو سپورٹ کرنے کیلئے روحیل حیات پشاور زلمی کا حصہ بن گئے

اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو پی ایس ایل جیسی مقامی سرگرمیوں کے لیے وقف کریں، روحیل حیات

مقامی کرکٹ کو سپورٹ کرنے کے لیے میوزک پروڈیوسر روحیل حیات، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کا حصہ بن گئے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے پشاور زلمی میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

روحیل حیات نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو پی ایس ایل جیسی مقامی سرگرمیوں کے لیے وقف کریں، بس بہت ہوگیا، پاکستان زندہ باد!

اس اعلان کو پشاور زلمی کے آفیشل اکاؤنٹ نے ری ٹوئٹ کیا، جس میں بتایا گیا کہ روحیل حیات ان کے آنے والے ترانے پر کام کریں گے۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ معروف ریکارڈ پروڈیوسر روحیل حیات پی ایس ایل 7 کے آنے والے زلمی ترانے کے لیے فرنچائز حصہ بنے ہیں۔

روحیل حیات کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان اچانک منسوخ ہونے کی وجہ سے شائقینِ کرکٹ مایوس ہو گئے ہیں۔

ٹوئٹر صارفین اور نامور شخصیات کی جانب سے دونوں بین الاقوامی ٹیمز کی جانب سے دورے منسوخ کرنے پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کےدوروں کی منسوخی سے پی ٹی وی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا دونوں بورڈز کے خلاف قانونی کاروائی کے لیے وکلا سے مشورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ایک مخصوص بین القوامی لابی مصروف عمل ہے لیکن ہمیں جھکانے کی خواہش رکھنےوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے یہ غلط فہمی جلد دور کر لیں۔

ویزا نہ ملنے کے باعث مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ اداکاری نہ کرسکا، عدنان شاہ ٹیپو

بن بلائے شادی میں شرکت کا معاملہ: یاسر حسین کی نوشین شاہ کو تنبیہ

ڈراما دیکھ کر لوگوں نے کہا ’لڑکی بڑی چالاک ہے مگر ہے پیاری‘، کبریٰ خان