پاکستان

پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر بین الاقوامی کرکٹرز سمیت، شوبز کے ستاروں کی نیوزی لینڈ پر تنقید

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان شیڈول پہلا ون ڈے میچ سے تھوڑی دیر قبل ہی نیوزی لینڈ کرکٹ نے یکطرفہ طور پر دورہ منسوخ کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل اچانک سیریز ملتوی کرنے کے اعلان پر ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت شوبز کے ستاروں کی جانب سے بھی تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں پہلا ون ڈے میچ شیڈول تھا تاہم میچ کے آغاز سے تھوڑی دیر قبل ہی نیوزی لینڈ کرکٹ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کے اعلان کی خبر سامنے آنے کے بعد سے اب تک ٹوئٹر پر #PakvsNZ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

'پوری کہانی نہیں بتائی جارہی'

اس حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے سابق باؤلر وسیم اکرم نے مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ 'پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ بین الاقوامی کھیلوں کے لیے ہمارے سیکیورٹی اقدامات سب سے بہتر ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے محفوظ ترین مقامات میں سے ایک ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے لگتا ہے کہ ہمیں پوری کہانی نہیں بتائی جارہی ہے'۔

'پاکستان میں کرکٹ کھیلنا پسند ہے'

نیوزی لینڈ ہی کے سابق کھلاڑی ڈینی موریسن نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'زیادہ معلومات نہیں کیا ہو رہا ہے مگر پاکستان کا سفر کرنا اور وہاں کرکٹ کھیلنا بہت پسند ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی عوام کے احساسات کو سمجھ سکتا ہوں'۔

'پاکستان سب سے پر امن ملک ہے'

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی فہیم رانا نے بھی کہا کہ 'میں نے بہت سے ممالک کا دورہ کیا ہے مگر پاکستان کو سب سے خوبصورت اور پر امن ملک پایا ہے، اس میں کوئی شک نہیں پاکستان کی فوج اور ایئرفورس دنیا کی بہترین میں سے ایک ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نیوزی لینڈ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی گزارش کرتا ہوں'۔

'نیوزی لینڈ کرکٹ کا یہ غیر پیشہ ورانہ رویہ تھا'

جنوبی افریقہ کے ہرشیل گبز نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا اور کرکٹ کے چاہنے والوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نیوزی لینڈ کرکٹ اور سیکیورٹی انتظامیہ کا یہ غیر پیشہ ورانہ رویہ اور نیوزی لینڈ کی حکومت کا جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ تھا۔

'پی سی بی نے ہماری حفاظت یقینی بنائی تھی'

سری لنکا کے کھلاڑی دمُتھ کرونارتنے نے کہا کہ پی سی بی نے 2 سال قبل ہمارے دورے کے دوران یقینی بنایا تھا کہ ہم محفوظ محسوس کریں۔

'اصل بات کچھ اور ہوگی'

گلوکار یاسر جسوال نے حیرت کا اظہار کیا کہ کیا اصل سیکورٹی خدشات کے مقابلے میں دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے کے پیچھے اصل بات کچھ اور ہوگی، بلیک کیپس نے اپنا منہ بھی کالا کرلیا'۔

انہوں نے نے انسٹاگرام پر اپنے پیروکاروں سے سوال کیا کہ 'آپ لوگ کیا سوچتے ہیں'۔

'پاکستانی خطرے کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں'

پاکستانی گلوکار اور ٹی وی شو کے میزبان فخر عالم نے کہا کہ 'ایک پاکستانی شہری ان قابل اعتماد خطرے کے بارے میں جاننا چاہتا ہے جو کہ بلیک کیپس کو موصول ہوے، حکومت پاکستان کے ساتھ اس انٹیلی جنس شیئر کرنا صرف مناسب ہے تاکہ اگر کوئی حقیقی خطرہ ہو تو اسے فوری طور پر ختم کیا جا سکے اور جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے'۔

'دورہ منسوخ کرنے کا کوئی مطلب نہیں'

آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے کہا کہ دورہ منسوخ کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ 'نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی ٹیم نے کلیئرنس دے دی تھی اور انہوں نے تقریبا ایک ماہ یہاں گزارا تھا، پاکستان کی سیکورٹی بہترین ہے'۔

'پاکستانیوں کے لیے بہت مایوس ہوں'

انوشے اشرف نے کرکٹ شائقین کو تسلی دینے والا پیغام جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک کھیل چھوڑ کر جانے کے بعد دنیا بھر کے پاکستانیوں کے لیے بہت مایوس ہوں'۔

'ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے'

گلوکار عاصم اظہر نے اپنے پیروکاروں کو تسلی دی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ 'یہ افسوسناک ہے مگر ٹھیک ہے، ہم ایک ایسی قوم ہیں جو واپس اٹھنے کے عادی ہیں، پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہم پھر بھی دل کھول کر نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کا خیرمقدم کریں گے جو اس کے برعکس سوچتے ہیں کیونکہ ہم ایسے ہی ہیں'۔

انہوں نے دنیا کو کنارہ کیے گئے پاکستان سے خبردار رہنے کا کہنا ہے اور کہ کہ کرکٹ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے'۔

لاہور میں خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ

عدالت کا کریم کو اپنے ڈرائیوروں کیلئے ’کیپٹن آف کریم‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کا حکم

فرانس نے امریکا، آسٹریلیا سے اپنے سفرا کو واپس بلا لیا