دنیا

فرانس نے امریکا، آسٹریلیا سے اپنے سفرا کو واپس بلا لیا

فیصلہ آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ کے ساتھ معاہدے کے بعد سامنے آیا جس کی وجہ سے فرانسیسی آبدوزوں کی خریداری کا معاہدہ ختم ہوا تھا۔

پیرس: فرانس کا کہنا ہے کہ اس نے امریکا اور آسٹریلیا میں تعینات اپنے سفرا کو مشاورت کے لیے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے امریکا اور برطانیہ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کی وجہ سے ان کا فرانسیسی ڈیزائن کردہ آبدوزوں کی خریداری کے لیے 40 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم ہوگیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ژان یویس لی ڈریان نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ایمانوئل میکرون کی طرف سے یہ فیصلہ موقع کی سنگینی کی وجہ سے لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کا ترکی پر روس سے ایس-400 ایئر ڈیفنس معاہدہ ختم کرنے پر زور

امریکی محکمہ خارجہ اور وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے فرانسیسی تنقید کو مسترد کردیا تھا کہ انہیں آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے جون میں فرانسیسی صدر کے ساتھ بات چیت میں یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ آسٹریلیا، فرانسیسی کمپنی کے ساتھ 2016 کا آبدوز معاہدہ ختم کر سکتا ہے۔

جمعرات کو آسٹریلیا نے کہا کہ وہ روایتی آبدوزوں کا بیڑا بنانے کے لیے فرانس کے نیول گروپ کے ساتھ 40 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کردے گا اور اس کے بجائے سہ فریقی سیکیورٹی شراکت داری کے بعد امریکا اور برطانوی ٹیکنالوجی کے ساتھ جوہری قوت سے چلنے والی کم از کم 8 آبدوزیں بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تقسیمِ ہند: امریکا و برطانیہ کے مابین معاہدہ اٹلانٹک

فرانسیسی وزیر خارجہ نے اس فیصلے کو ان کی پیٹھ میں چھرا قرار دیا تھا۔

اسکاٹ موریسن نے آسٹریلیا اور فرانس کے تعلقات کو پہنچنے والے نقصان کو تسلیم کیا تاہم اصرار کیا کہ انہوں نے جون میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو بتایا تھا کہ آسٹریلیا اس معاہدے پر نظر ثانی کر رہا ہے۔

انہوں نے '5 اے اے' ریڈیو کو بتایا کہ 'میں نے یہ بہت واضح کر دیا تھا، ہم نے پیرس میں عشائیے کے دوران طویل گفتگو کی تھی'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے یہ واضح کر دیا تھا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر آسٹریلیا کو ہمارے قومی مفاد میں فیصلہ کرنے کی ضرورت ہوگی'۔

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان

کابل کے ڈرون حملے میں شہری ہلاک ہوئے، پینٹاگون کا اعتراف

تنقید کے بعد پریانکا چوپڑا نے 'دا ایکٹیوسٹ' کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی