عمر شریف 36 گھنٹے کے اندر امریکا روانہ ہوں گے، حکومتِ سندھ
سندھ حکومت نے کہا ہے کہ لیجنڈری اداکار عمر شریف کے امریکا سے علاج کروانے کے تمام انتظامات تقریباً مکمل ہوچکے ہیں اور اداکار آئندہ 24 سے 36 گھنٹے کے اندر روانہ ہوجائیں گے۔
کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتِ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے ویزا ملتے ہی عمر شریف علاج کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر عمر شریف کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے گئے اور صوبائی حکومت لیجنڈری اداکار کے علاج کے لیے مزید ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ عمر شریف کے امریکا روانگی سے متعلق باقی تمام انتطامات مکمل ہوچکے ہیں، بس ویزا کا اجرا ہوتے ہی لیجنڈری اداکار روانہ ہوجائیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے کہا کہ عمر شریف روئے زمین پر ایک ہی ہیں ان کا کوئی نعم البدل نہیں، حکومتِ سندھ کے فرائض میں شامل تھا کہ مشکل کی گھڑی میں ان کا ساتھ دیا جائے۔
انہوں نے لیجنڈری اداکار کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ عمر شریف جلد صحت یاب ہوکر عوام کو ہنسانے کا مشن جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتِ سندھ نے عمر شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے رقم جاری کردی
پریس کانفرنس کے دوران آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے عمر شریف کے علاج کے لیے فنڈز کے اجرا پر سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف کسم پرسی کا شکار ہونے والے فنکاروں کی مدد کے لیے تعاون کر رہی ہے بلکہ آرٹس کونسل کے منصوبوں کے حوالے سے بھی مدد کر رہی ہے۔
اس موقع پر عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے بھی سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور والد کی صحت سے متعلق بھی بات کی۔
جواد عمر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے بیمار والد کی ہسپتال کے بستر پر کھینچی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے ان کے اہل خانہ کی دل آزاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے والد کے علاج کے لیے فنڈز جاری کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر رقم جاری کرنے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں۔
جواد عمر کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے اندر حب الوطنی بھری ہوئی ہے، انہوں نے اپنی اداکاری سے ملک کا نام روشن کیا، لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ ان محبتوں کے لیے عوام کے مشکور ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ کا عمر شریف کا علاج کرانے کا اعلان
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو عمر شریف کے علاج کے لیے 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے جب کہ وفاقی حکومت نے بتایا کہ اداکار کو 16 ستمبر تک ویزا مل جائے گا۔
عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ ان کے اہل خانہ نے اداکار کے بیمار ہونے یا ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ عمر شریف زیر علاج ہیں۔
ہسپتال میں عمر شریف کی طبیعت بگڑ جانے پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔
عمر شریف کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اور اب اداکار کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ بیرون ملک جانے کے تمام انتظامات تقریباً مکمل ہوچکے اور وہ دو دن میں امریکا روانہ ہوں گے۔