کھیل

لاستھ ملنگا نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

محدود اوورز کے کھیل کے کامیاب ترین باؤلر نے کہا کہ وہ اب اپنا وقت آئندہ نسل کے کرکٹرز کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں۔

سری لنکا کو 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا چیمپیئن بنوانے والے فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا نے بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

انہوں نے منگل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے بعد وہ بطور کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر ریٹائر ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محدود اوورز کے کھیل کے کامیاب ترین اور 'منفرد' ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کرانے والے 38 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ وہ اب اپنا وقت آئندہ نسل کے کرکٹرز کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں۔

لاستھ ملنگا، جنہیں جنوبی افریقہ کے خلاف سری لنکا کی حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ڈراپ کردیا گیا تھا، گزشتہ سال جنوری میں ان کی قیادت میں بھارت سے 0-2 سے سیریز ہارنے کے بعد سے ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ملنگا سری لنکن ٹیم کی قیادت سے دستبردار

انہوں نے اپنے فیس بک پیچ پر کہا کہ 'میں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور اس کے ساتھ ہی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'لیکن میں نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرتا رہوں گا، اگرچہ میرے جوتوں کو آرام مل جائے گا لیکن کھیل سے میری محبت کبھی آرام نہیں مانگے گی'۔

لاستھ ملنگا، انڈین پریمیئر لیگ سمیت دنیا بھر میں محدود اوورز کے دیگر ٹورنامنٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔

ان کے کریئر کا بہترین وقت 2014 میں بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح سری لنکن ٹیم کی قیادت کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کی نظریں ٹی20 سیریز میں فتح پر مرکوز

اس ورلڈ کپ کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی اور ملنگا نے اہم اوورز میں اپنی یارکرز سے بھارتی بلے بازوں کو پریشان کردیا تھا۔

لاستھ ملنگا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 107 وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں، انہوں نے ایک روزہ میچز میں 338 وکٹیں حاصل کیں اور فارمیٹ کے بہترین 10 باؤلرز میں شامل ہوئے۔

لاستھ ملنگا واحد باؤلر ہیں، جنہوں نے دو ورلڈ کپ میں ہیٹرک اپنے نام کیں اور وہ ان دو باؤلرز میں شامل ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل 4 گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے 2004 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا جس کے بعد جولائی 2019 میں ایک روزہ میچز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2010 میں کھیلا جس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ میچ چھوڑ کر محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرلی۔

راکاپوشی میں پھنسے 3 کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرلیا گیا

کراچی میں 16 سے 18 ستمبر کے درمیان ہلکی و معتدل بارش کا امکان

القاعدہ آئندہ چند برس میں امریکا کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، امریکی عہدیدار