لائف اسٹائل

سلمان خان پر بنے گیم 'سیلمون بھوئی‘ پر پابندی عائد

اداکار نے اس گیم کو بنانے والی کمپنی پیروڈی لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

بھارت کے شہر ممبئی کی عدالت نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کی درخواست پر ان پر بنے ’سیلمون بھوئی‘ نامی ویڈیو گیم پر عارضی پابندی عائد کر دی۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی جانب سے گیم بنانے والی کمپنی پیروڈی لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی۔

جس کے بعد ممبئی کی عدالت نے معاملہ حل نہ ہونے تک گوگل پلے اسٹور سے گیم کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔

اپنی درخواست میں سلمان خان نے کہا تھا کہ گیم کا عنوان 'سیلمون بھوئی' مداحوں میں مشہور ان کے نام سلمان بھائی سے لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کا فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس گیم کا نام اور اس میں دکھائی جانے والی تصاویر ان سے مطابقت رکھتی ہیں۔

اداکار نے مزید کہا تھا کہ گیم میں ایسے مناظر بھی موجود ہیں جو ان کے خلاف مبینہ کیسز جیسا کہ ہٹ اینڈ رن اور کالے ہرن سے متعلق مقدمات سے ملتے جلتے ہیں۔

سلمان نے دعویٰ کیا تھا کہ گیم کے ذریعے کمپنی نے دانستہ طور پر سلمان خان کی شخصیت کے حقوق کو ان کی رضامندی کے بغیر استعمال کرتے ہوئے کمرشل فوائد حاصل کیے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ان کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دکھا کر ان کی ساکھ کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ان کے رازداری اور شہرت کے حق کی خلاف ورزی کی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج کے ایم جسوال نے کہا کہ مدعا علیہان نے سلمان کی شناخت کو اپنے تجارتی فوائد کے لیے استعمال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی فلم 'رادھے' کے ریلیز ہوتے ہی ویب سائٹ کریش کر گئی

جج نے اپنے حکم میں کہا کہ یہ گیم سلمان خان کی شناخت سے بہت ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے اور اداکار نے گیم کو انسٹال کرنے، تیار کرنے اور چلانے کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی تھی اور اسی وجہ سے وہ اپنے رازداری کے حق سے محروم رہے اور ان کی ساکھ کو متاثر کیا گیا۔

سلمان خان کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے جج نے پیروڈی اسٹوڈیوز پرائیویٹ لمیٹڈ اور گوگل ایل ایل سی کو ہدایت کی کہ وہ گیم سیلمون بھوئی تک رسائی کو روک دیں یا ہٹادیں۔

جج نے مزید کہا کہ سماعت کی اگلی تاریخ تک مدعا علیہ اس گیم کو دوبارہ لانچ کرنے یا اس تک رسائی دے کر سلمان خان کے خلاف نامناسب تبصرے کرنے سے باز رہیں۔

ٓ

علی ظفر کے خلاف مہم کا کیس: عفت عمر اور علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری

بیٹوں کی بہتر پرورش کیلئے ثروت گیلانی کی جانب سے ’گوگل‘ کا استعمال

اداکارہ جینیفر لارنس کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع