امیر گیلانی، عاطف اسلم 'آئی ایس پی آر' کے پروجیکٹ میں ساتھ نظر آئیں گے
پاکستان کے ابھرتے ہوئے اداکار امیر گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کی 'سرحدوں پر موجود بہادر فوجیوں' کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے پروجیکٹ کا حصہ بنیں گے۔
امیر گیلانی کے مطابق ملک کے مقبول گلوکار عاطف اسلم بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
اداکار امیر گیلانی، جنہیں آخری مرتبہ ڈراما سیریل 'ثبات' میں ماورا خان کے مقابل دیکھا گیا تھا انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک مداح کو جواب دیتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
ایک مداح نے لکھا تھا کہ 'آخر کار آپ آئی ایس پی آر کا پروجیکٹ کررہے ہیں، اس خبر سے مجھے بہت خوشی ہوئی'۔
جس کا جواب دیتے ہوئے امیر گیلانی نے کہا کہ 'یہ پاکستان کو خراجِ تحسین ہے اور بہت خاص ہے'۔
بعدازاں انہوں نے اعلان کیا کہ عاطف اسلم بھی ان کے ساتھ اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔
ڈان امیجز سے گفتگو کرتے ہوئے امیر گیلانی نے بتایا کہ وہ اور عاطف اسلم آئی ایس پی آر کی ایک میوزک ویڈیو کا حصہ ہیں جو یومِ دفاع (6 ستمبر) کو ریلیز ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے اس سے متعلق زیادہ تفصیلات بتانے کی اجازت نہیں لیکن یہ سرحد پر موجود ہمارے بہادر سپاہیوں کو ایک خراجِ تحسین ہے کہ وہ بھی ہماری طرح انسان ہیں اور اپنے اہلخانہ کی فکر کرتے ہیں'۔
امیر گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ میوزک ویڈیو یومِ دفاع کی تقریب میں پیش کی جائے گی۔
اداکار نے بتایا کہ اس ویڈیو کی ہدایات محسن کمال نے دی ہیں جبکہ آئی ایس پی آر اور راک اینڈ رول پروڈکشنز نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میوزک ویڈیو کو پاکستان کے تمام یا بیشتر چینلز پر بھی چلایا جائے گا۔