لکس اسٹائل میں ’معاون اداکاروں‘ کیلئے ایوارڈز نہ رکھنے پر زارا ترین مایوس
پاکستان کے معروف ترین ایوارڈز شو ’لکس اسٹائل‘ کی نامزدگیوں پر اداکارہ و فوٹوگرافر زارا ترین نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے۔
’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ کی بیسویں سالانہ ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں کیا گیا تھا۔
ایواڈز کے لیے میوزک، فیشن و ٹیلی وژن کی کیٹیگریز میں متعدد ڈراموں، ماڈلز، اداکاروں و گلوکاروں کو نامزد کیا گیا تھا۔
ایوارڈز کی نامزدگیوں پر جہاں دیگر شخصیات نے تنقید کی تھی، وہیں اب اداکارہ و ماڈل زارا ترین ایوارڈز میں ’معاون اداکاروں‘ کے لیے کوئی بھی ایوارڈ نہ رکھنے پر برہمی کا اظہار کردیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ نے حیران کن طور پر بہترین اداکارہ و اداکار کے لیے تو دو مختلف طرح کے ایوارڈز کا اعلان کیا مگر ’معاون اداکار‘ کے ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مذکورہ عمل کو ’معاون کردار‘ ادا کرنے والے اداکاروں کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے واضح ہوتا کہ ساتھی کردار ادا کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔
انہوں نے حالیہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر اعتراض کرنے کے بجائے صرف اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ انتظامیہ نے ’معاون اداکار اور اداکارہ‘ کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیوں نہیں کیا؟
یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی نامزدگیوں کا اعلان
زارا ترین نے مذکورہ عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 20 سال گزر جانے کے باوجود لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کو درست انداز میں کام کرنے نہیں آ رہا۔
زارا ترین کی مذکورہ پوسٹ کے بعد کئی لوگوں نے ان سے اتفاق بھی کیا، تاہم بعض افراد نے ان پر الزام لگایا کہ شاید وہ نامزد ہونے والے اداکاروں سے ناراض ہیں۔
ایسے الزامات کے بعد اداکارہ نے اپنی ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت کی کہ وہ نامزد ہونے والے اداکاروں کے خلاف بات نہیں کر رہیں اور وہ ان کی محنت اور کام کا اعتراف کرتی ہیں۔
زارا ترین نے وضاحت کی کہ وہ ایوارڈز انتظامیہ سے یہ پوچھنا چاہ رہی ہیں کہ اگر ایوارڈز کے لیے لیڈنگ اداکاروں کے لیے دو دو طرح کے ایوارڈز رکھے جا سکتے ہیں تو معاون اداکاروں کے لیے ایک طرح کا ایوارڈ کیوں نہیں رکھا گیا؟
لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ نے معاون اداکاروں کے لیے کوئی بھی ایوارڈز نہ رکھنے پر تاحال کوئی وضاحت نہیں کی ہے، تاہم ماضی میں انتظامیہ ’معاون اداکارہ‘ اور ’معاون اداکار‘ کا ایوارڈز دیتی آئی ہے۔
زارا ترین سے قبل بھی لکس اسٹائل کی حالیہ نامزدگیوں پر بھی سونیا حسین، یاسرہ رضوی اور کبریٰ خان سمیت دیگر شوبز شخصیات ناراضگی کا اظہار کر چکی ہیں۔
حالیہ ایوارڈز سے قبل بھی گزشتہ چند سال سے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں اور طریقہ کار بھی شوبز شخصیات اعتراض کرتی آ رہی ہیں اور ہر سال ایوارڈز انتظامیہ کے خلاف شکایات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔