لائف اسٹائل

عمر شریف کی’علالت‘ کی خبروں پر اہل خانہ کی وضاحت

ایک روز قبل ہی سوشل میڈیا پر اداکار کی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں قدرے بیمار حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔

مایہ ناز کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان 65 سالہ عمر شریف کی بظاہر بیمار نظر آنے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکار خیریت سے ہیں۔

عمر شریف کی ایک روز قبل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت میں دیکھا جا سکتا تھا۔

مذکورہ تصویر کو عمر شریف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی تھی۔

اداکار کو بیماری کی حالت میں دیکھ کر کئی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور ملک بھر کے لوگ ان کے لیے دعائیں کرتے دکھائی دیے تھے۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد اداکار کے اہل خانہ نے انگریزی اخبار کو بتایا کہ عمر شریف خیریت سے ہیں اور گھر میں ہیں۔

’ایکسپریس ٹربیون‘ نے اپنی رپورٹ میں اداکار کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عمر شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ مذکورہ تصویر کچھ عرصہ قبل کی ہے جب کہ اداکار اپنے معمولی چیک اپ کے لیے ہپستال گئے تھے۔

اداکار کے خاندان کے مطابق اس وقت عمر شریف خیریت سے ہیں اور گھر پر ہیں اور ابھی تک پریشانی کی کوئی بات نہیں، وائرل تصویر پر یقین نہ کیا جائے۔

تاہم اداکار کے ذرائع نے واضح نہیں کیا کہ عمر شریف میں کسی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے یا نہیں، لیکن بتایا کہ ماضی میں وہ دل امراض قلب کے ٹیسٹ کرواتے رہے ہیں۔

عمر شریف کی علالت سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں تھیں، رواں برس جولائی میں ان کے اور ان کی تیسری اہلیہ کے درمیان جائداد کے تنازع کے وقت بھی اداکار کو ویل چیئر پر دیکھا گیا تھا۔

جولائی میں سندھ ہائی کورٹ میں تیسری اہلیہ زرین غزل کے ساتھ جائداد کے تنازع کی سماعت کے وقت عمر شریف کو ویل چیئر پر اور بظاہر بیمار حالت میں دیکھ کر مداح پریشان ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں برس مئی میں وہ ندا یاسر کے شو میں شریک ہوئے تھے، جہاں اگرچہ وہ بلکل ٹھیک تھے، تاہم ان کے بات کرنے کے انداز سے لوگوں میں ان کے ناساز ہونے کی چہ مگوئیاں پھیل گئی تھیں۔

ندا یاسر کے پروگرام میں عمر شریف نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نےتین شادیاں کیں اور دوسری اہلیہ اسٹیج اداکارہ شکیلہ کو انہوں نے محض تین سال میں ہی طلاق دے دی تھی۔

اسی پروگرام میں انہوں نے زرین غزل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سلیقہ مند خاتون قرار دیا تھا جب کہ پہلی اہلیہ دیبا کو بھی انہوں نے نیک عورت قرار دیا تھا۔

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

ان کے اہل خانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

گزشتہ برس فروری میں عمر شریف کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی بیٹی گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے والے گروہ کی غفلت کی وجہ سے انتقال کر گئیں، اس وقت بھی اداکار کو قدرے بیمار حالت میں دیکھا گیا تھا۔

بیٹی کے انتقال کےبعد عمر شریف کو زیادہ تر سوشل میڈیا سے دور دیکھا گیا جب کہ زائد العمری کے باعث وہ چند سال سے شوبز مصروفیات سے دور ہیں۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔

’عمر شریف کسی سنگین بیماری میں مبتلا نہیں‘

عمر شریف کی بیٹی اعضا کی غیر قانونی پیوندکاری کرنیوالے ریکٹ کا شکار

ہولی وڈ اداکار عمر شریف انتقال کر گئے