لائف اسٹائل

عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

تصویر میں عمر شریف کو وہیل چیئر پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے ان کی داڑھی بڑھی ہوئی ہے اور وہ کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔
Welcome

پاکستان کے نامور کامیڈین عمر شریف کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

عمر شریف کی یہ تصویر ان کے نام سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گی تھی، جس کے کیپشن میں لکھا ہوا تھا کہ 'اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھا کریں'۔

تصویر میں عمر شریف کو وہیل چیئر پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے ان کی داڑھی بڑھی ہوئی ہے اور وہ کافی کمزور نظر آرہے ہیں۔

عمر شریف کی یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور مداحوں کی جانب سے ان کی صحتیابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

زکیہ نامی صارف نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ عمر شریف صاحب کی تصویر ہے، مسکراہٹیں بکھیرنے والے، مستی مذاق میں ہزاروں نصیحتیں کر جانے والے، جن کو دیکھ کر ہی مسکان لبوں پر دوڑے چلی آتی تھی، میں کبھی انہیں ایسا نہیں دیکھنا چاہتی تھی، اللہ انہیں صحتِ کاملہ عطا فرمائے'۔

حمزہ اعوان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'لیجنڈ عمر شریف کی یہ تصویر دیکھی، ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں، انہوں نے ہمیں بہت مسکراہٹیں دی ہیں'۔

ٹی وی شو میزبان کرن ناز نے لکھا کہ 'یہ لیجنڈ آرٹسٹ عمر شریف کی حالیہ تصویر ہے، ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

احمر نامی صارف نے لکھا کہ عمر شریف آج کل کافی بیمار ہیں۔

مذکورہ ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے صحافی عامر متین نے کہا کہ 'کیا حکومت میں سے کوئی ان کی طرف دیکھے گا؟ وہ ایک لیجنڈ ہیں اور ہمارے ملک میں ان کی کمی ہے'۔

تاہم یہ عمر شریف کی حالیہ تصویر ہے یا نہیں اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی تاہم کچھ شوبز سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے

جہاں مداحوں کی بڑی تعداد عمر شریف کی صحت کے حوالے سے پریشان ہے وہیں کچھ کا دعویٰ ہے کہ عمر شریف بالکل ٹھیک ہیں۔

اب تک عمر شریف کی جانب سے ان کی صحت سے متعلق وائرل ہونے والی اس تصویر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

ثروت گیلانی اور زاہد احمد ویب سیریز میں ساتھ نظر آئیں گے

برٹنی اسپیئرز کے وکیل کا والد کی 'سرپرستی' فوری ختم کرنے کا مطالبہ

عثمان مختار بھی ’صنف آہن‘ میں کاسٹ