سائنس و ٹیکنالوجی

نئے آئی فونز میں دنگ کردینے والی ٹیکنالوجی کی موجودگی کا امکان

آئی فون 13 ممکنہ طور پر دنیا کا پہلا فون ہوگا جو ٹیکسٹ اور فون کالز سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

ایپل کے نئے آئی فونز تو ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جائیں گے اور ان کے بارے میں کافی تفصیلات بھی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں۔

مگر آئی فون 13 ممکنہ طور پر دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جو ٹیکسٹ اور فون کالز سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

ایپل ڈیوائسز کی قابل اعتبار تفصیلات لیک کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو نے اس سال کے آئی فون سیریز کے بارے میں ایک غیرمعمولی افواہ کے بارے میں بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے آئی فونز میں زمین کے نچلے مدار پر گردش کرنے والے سیٹلائیٹس کی کمیونیکشن کنکٹویٹی کا فیچر ہوگا۔

یہ فیچر کاسٹیوم کوالکوم ایکس 60 موڈیمز کی بدولت اس سیریز کا حصہ بنے گا جس سے فون کالز کرنا، میسجز بھیجنا اور انٹرنیٹ سروسز کا حصول ان علاقوں میں بھی ممکن ہوگا جہاں سیلولر کوریج موجود نہیں ہوگی۔

یہ ایسا فیچر ہے جو اب تک کسی بھی اسمارٹ فون میں موجود نہیں۔

منگ چی کیو نے مزید بتایا کہ نیٹ ورک آپریٹرز کو سیٹلائیٹ کمیونیکشنز پرووائڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آئی فونز سیٹلائیٹ نیٹ ورک پر بغیر اضافی لاگت پر کام کرسکیں۔

مختلف سیٹلائیٹ کمپنیوں جیسے گلوبل اسٹار کے سیٹلائیٹس میں این 53 فریکوئنسی بینڈ موجود ہے جو کوالکوم کے نئے ایکس 65 فائیو جی موڈیم کو سپورٹ کرتا ہے۔

اسپیس کا اسٹار لنک سیٹلائیٹ پروگرام بھی لوگوں کو سیٹلائیٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرتا ہے۔

منگ چی کیو نے دعویٰ کیا کہ ایپل سیٹلائیٹ کمیونیکشنز کے حوالے سے پرامید ہے اور اس طرح مارکیٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتی ہے۔

اب یہ فیچر واقعی نئے آئی فونز کا حصہ بنتا ہے یا نہیں، اس کا علم تو آنے والے ہفتوں میں ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ ایک لیک کے مطابق آئی فون 13 کو 14 ستمبر کو متعارف کرایا جائے گا جبکہ 24 ستمبر سے وہ صارفین کو دستیاب ہوگا۔

لیک کے مطابق ایپل کی جانب سے 7 ستمبر کو 14 ستمبر کے ایونٹ کا اعلان کیا جائے گا اور 17 ستمبر سے نئے آئی فونز پری آرڈر اور 24 ستمبر سے مارکیٹ می دستیاب ہوں گے۔

لیک میں مزید بتایا گیا کہ اس سال آئی فون 13 سیریز کے تمام ماڈلز بیک وقت فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

اس سے قبل 2020 آئی فون 12 منی اور آئی فون 12 پرو میکس کو دیگر 2 ماڈلز کے مقابلے میں ایک ماہ بعد فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

سابقہ لیکس کے مطابق 2021 میں بھی 4 نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1 انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون 1 پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرو میکس شامل ہوں گے۔

نئے آئی فونز میں ایپل کا نیا اے 15 پراسیسر موجود ہوگا جس کی کارکردگی اے 14 کے مقابلے میں کم از کم 20 فیصد جبکہ افادیت 30 فیصد زیادہ ہوگی۔

2020 کے آئی فونز کے مقابلے میں اس سال کی ڈیوائسز یعنی آئی فون منی میں 2406 ایم اے ایچ، آئی فون 13 اور 13 پرو میں 3095 جبکہ آئی فون 13 پرو میکس میں 4352 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔

خیال رہے کہ آئی فون 12 منی میں 2227 ایم اے ایچ، آئی فون 12 اور 12 پرو میں 2815 ایم اے ایچ جبکہ 12 پرو میکس میں 3687 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔

اس سیریز کے فونز کی قیمتوں کے بارے میں حتمی طور پر ایپل کے اعلان تک کچھ کہنا مشکل ہے، مگر مختلف رپورٹس سے کسی حد تک اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

لیکس کے مطابق آئی فون 13 کی قیمت آئی فون 12 کے برابر ہونے کا امکان زیادہ ہے۔

یعنی آئی فون 13 کا بیسک ماڈل 799 ڈالرز (ایک لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوسکتا ہے۔

آئی فون 12 اس سال دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون قرار دیا جارہا ہے اور ایپل نے اس کی بدولت ریکارڈ منافع حاصل کیا ہے۔

اس وجہ سے بھی زیادہ امکان یہی ہے کہ آئی فون 13 سیریز کے ماڈلز کی قیمت گزشتہ سال کے فونز جتنی ہی ہوگی بلکہ کچھ کم بھی ہوسکتی ہے۔

ایسا سام سنگ نے گلیکسی ایس 21 کے ساتھ کیا جس کی قیمت گلیکسی ایس 20 سے 200 ڈالرز کم رکھی گئی تھی اور یہ سیریز کافی مقبول بھی ہوئی۔

آئی فون 13 متعارف کرانے کی تاریخ لیک

آئی فون 12 ایپل کی اب تک کی سب سے کامیاب سیریز

آئی فون 13 میں بڑی بیٹریز کے ساتھ چارجنگ سپورٹ میں اضافے کا امکان