لائف اسٹائل

جنید صفدر کی گلوکاری پر بلال مقصود کا طنزیہ تبصرہ

مریم نواز کے بیٹے نے اپنے نکاح پر بھارتی گانا کیا ہوا تیرا وعدہ گایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے بیٹے جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں گانا گایا جس پر مختلف شوبز شخصیات کی جانب سے بھی تبصرے کیے جارہے ہیں۔

جنید صفدر نے اپنے نکاح میں لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کا گانا 'کیا ہوا تیرا وعدہ' گایا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بہت تعریف کی جارہی ہے۔

ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستانی گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے انسٹاگرام پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے جنید صفدر کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: نکاح پر جنید صفدر کی آواز میں 'کیا ہوا تیرا وعدہ' کے چرچے

بلال مقصود نے کہا کہ 'ویڈیو میں نظر آنے والے پھول تو شاید میرے ٹیکس کے پیسوں سے ہوں، لیکن گانے کے نمبر اس لڑکے کو میں پورے دوں گا'۔

بلال مقصود کی اس انسٹاگرام اسٹوری کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

مونس شعیب نامی صارف نے لکھا کہ میں چاہتا ہوں کہ 'بلال مقصود اپنا این ٹی این نمبر شئیر کریں تاکہ دیکھا جائے کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں'۔

دوسری جانب محسن نامی ایک صارف نے بلال مقصود کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'بلال مقصود آپ چھا گئے '۔

ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی بلال مقصود کی اسٹوری کے جواب میں اداکارہ اریبہ حبیب نے کہا کہ ' ہم صفر ریٹرن کے ساتھ اب بھی ٹیکسز ادا کررہے ہیں، لیکن پھر بھی دل ہے پاکستانی'۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: بیٹے جنید صفدر کے نکاح میں مریم نواز کی آن لائن شرکت

ایک اور کمنٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'ہمیں اس سب میں بچوں کو نہیں گھسیٹنا چاہیے'۔

صبورعلی، زویا ناصر، عفت عمر، انوشے اشرف سمیت مختلف اداکاراؤں نے جنید صفدر کی آواز کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ مریم نواز کے بیٹے کا نکاح 22 اگست کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں ہوا تھا جس میں انہوں نے بذریعہ ویڈیو کال شرکت کی تھی۔

جنید صفدر اور عائشہ سیف کے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جبکہ گزشتہ روز سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں مریم نواز کے بیٹے اپنی آواز کا جادو جگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب میں ایک پیشہ ور گلوکار کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں مگر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب جنید صفدر کو مائیک پکڑایا گیا تھا تو انہوں نے اپنی گلوکاری سے سب کو حیران کردیا تھا۔

شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد ابھیشیک بچن کی سرجری

پی ٹی وی، ظہیر الدین بابر اور مرزا غالب پر ڈراما سیریز بنائے گا، فواد چوہدری

آغا علی 'بناوٹی خواتین' سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر برہم