پاکستان

قومی ہیروز کے اعزاز میں لاہور میں پروقار تقریب کا انعقاد

اولمپکس ہیروز سمیت کھیلوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والوں کو نقد انعام اور اسناد دی گئیں۔

اولمپکس سمیت دیگر کھیلوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان قومی ہیروز کے اعزاز میں لاہور شہر کی انتظامیہ نے تقریب کا اہتمام کیا جس میں انہیں انعام و اعزازات سے نوازا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قومی ہیروز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ ان قومی ہیروز میں طلحہ طالب، ارشد ندیم، شہروز کاشف، ندا ڈار، عالیہ ریاض، کوچ فیاض بخاری اور اسلام نتیق شامل تھے۔

مزید پڑھیں: شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے کمر عمر ترین پاکستانی

اس تقریب میں قومی ہیروز کو انعامی رقم کے ساتھ ساتھ اسناد سے بھی نوازا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ارشد ندیم، طلحہ طالب اور شہروز کو 10، 10 لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا جبکہ عالیہ ریاض اور ندا ڈار کے ساتھ ساتھ کوچ فیاض اور اسلام کو بھی پانچ، پانچ لاکھ روپے دیے گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی کوآرڈینیٹر سارہ احمد نے کہا کہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب جیسے قومی ہیروز کے اعزاز میں لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

معروف گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹ کی کہ ہمیں کھیلوں میں ان نوجوانوں کو سراہنا چاہیے جو نئے معیارات کا تعین کررہے ہیں، ان لوگوں کو سپورٹ کرنے کے لیے نجی شعبے اور اسپانسرز کو سامنے آنا چاہیے۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں ندا ڈار کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان میں پہلی کرکٹر ہیں جنہوں نے 10 ٹی20 وکٹیں حاصل کی ہیں، انہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ خواتین بھی کسی سے کم نہیں بلکہ ہر لحاظ سے بہتر ہیں، وہ ہر شعبے میں مزید چیزوں کی مستحق ہیں اور یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

ان نوجوان ایتھلیٹس نے تقریب کے انعقاد اور عزت افزائی پر مقامی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے ارشد ندیم اور طلحہ طالب نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

پنجاب کے شہر گوجرانوالا سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ طلحہ طالب نے ٹوکیو اولمپکس میں 67 کلو کی کیٹگری میں حصہ لیتے ہوئے پانچواں نمبر حاصل کیا تھا۔

اسی طرح نوجوان ارشد ندیم نے جیولین تھررو کے مقابلے میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘آپ پر فخر ہے’، ویٹ لفٹر طلحہ اولمپک میں ناکامی کے باوجود ہیرو بن گئے

انہوں نے جیولین تھرو میں فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی لیکن میڈل تک رسائی سے محروم رہے تھے۔

دوسری جانب 19 سالہ شہروز کاشف دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ (8848.86 میٹرز بلند) سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بن گئے تھے۔

انخلا میں توسیع کی تو امریکا کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، طالبان

نئے اسلامی سال پر خانہ کعبہ کو غسل دے دیا گیا

بختاور بھٹو کا عوامی مقامات پر بغیر فیملی کے مردوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ