دنیا

امریکی دارالحکومت میں کیپیٹل ہل کے قریب ٹرک میں بم کی اطلاع پر تفتیش شروع

واشنگٹن میں کانگریس کی لائبریری کے باہر پک اپ ٹرک میں بیٹھے شخص نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے پاس بم موجود ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپیٹل ہل کے قریب ٹرک میں بم کی اطلاع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق کانگریس کی لائبریری کے باہر پک اپ ٹرک میں بیٹھے شخص نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے پاس بم موجود ہے جس کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی۔

مزید پڑھیں: امریکا: کیپیٹل ہل کے باہر مبینہ کار حملہ، پولیس افسران سمیت 3 افراد زخمی

ٹرک کے پاس لائسنس یافتہ نمبر پلیٹیں نہیں تھیں اور جب صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے دیکھا تو پولیس ریڈیو پر بم کے ممکنہ خطرے کی اطلاع دی گئی۔

تفتیش کار اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ آیا اس شخص نے ڈیٹونیٹر پکڑا ہوا ہے یا نہیں، وہ اس کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور وہ پرچی پر لکھ کر اپنی بات پولیس کو پہنچا رہا ہے اور انہیں ٹرک کے اندر سے پولیس کو دکھا رہا ہے۔

اس بارے میں تین لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی کیونکہ وہ اس معاملے پر عوامی طور پر بات کرنے کے مجاز نہیں۔

پولیس نے کیپیٹل ہل اور سپریم کورٹ کے قریب کے علاقے میں اسنائپر تعینات کر دیے ہیں اور کیپٹل کمپلیکس کے وسیع علاقے میں متعدد عمارتوں کو خالی کرا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا، 4 افراد ہلاک

کانگریس اس ہفتے چھٹی پر ہے لیکن عملہ حکام کی ہدایت پر پرسکون انداز میں علاقے سے نکل گیا۔

دارالحکومت واشنگٹن میں چھ جنوری کو اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے دھاوا بولے جانے کے بعد سے صورتحال کشیدہ ہے۔

کیپیٹل گراؤنڈز کے ارد گرد نصب باڑ کئی مہینوں سے لگی ہوئی تھی لیکن اسے موسم گرما میں اسے ہٹا دیا گیا، ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل پر دھاوا بولنے سے ایک دن قبل واشنگٹن میں ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے ہیڈ کوارٹرز پر پائپ بم چھوڑے گئے اور ابھی تک کسی کو بم رکھنے کے الزام میں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

ریپبلیکن نیشنل کمیٹی کا صدر دفتر اس مقام سے زیادہ دور نہیں ہے جہاں جمرات کو یہ ٹرک کھڑا ہوا دیکھا گیا ہے اور خطرے کے سبب اسے بھی خالی کروا لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیپیٹل ہل کیا ہے اور وہاں مظاہرے کیوں ہو رہے ہیں؟

اس علاقے کو پولیس کی گاڑیوں اور بیریکیڈس نے بند کر دیا ہے اور کئی فائر ٹرکوں اور ایمبولینسوں کو قریب طلب کر لیا گیا ہے جو موقع پر پہنچ گئی ہیں، کولمبیا کی میٹروپولیٹن پولیس، ایف بی آئی سمیت دیگر ادارے بھی موقع پر موجود ہیں۔

کیپیٹل پولیس نے کہا کہ افسران لائبریری آف کانگریس کے قریب ایک مشکوک گاڑی کا جائزہ لے رہے ہیں اور یہ ایک بم دھماکے کی فعال تحقیقات ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انہیں مستقل بریفنگ دی جا رہی ہے۔

بہاولنگر: ماتمی جلوس میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، 59 زخمی

ڈیلٹا قسم کے خلاف کووڈ 19 ویکسینز کی افادیت میں کمی کا انکشاف

‘نوٹس بہت لے لیے، اب کچھ کریں’ شوبز شخصیات کا وزیر اعظم سے مطالبہ