پاکستان

جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار شہید

پاک فوج اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

جنوبی وزیرستان میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک نائب صوبیدار شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کنی گرام میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ جس پر پاک فوج نے کارروائی کی اور جس دوران شدت پسندوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مزید پڑھیں: لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر حملہ، ایک جوان شہید، میجر سمیت 2 زخمی

اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ 42 سالہ نائب صوبیدار سانے زئی شدید زخمی ہو گئے، بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔

علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے جانباز سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔

واضح رہے کہ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا تھا۔

پاک فوج اور دہشت گردؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید

اس سے ایک ہفتہ قبل شمالی وزیرستان کے علاقے غاریوم میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 37 سالہ نائیک غلام مصطفیٰ شہید ہو گئے تھے۔

اس سے قبل جولائی کے آخر میں خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے تھے۔

کابل سے اڑان بھرنے والے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں انسانی باقیات پائی گئیں، امریکی فضائیہ

کیا دنیا طالبان حکومت کو تسلیم کرنے جارہی ہے؟

ایتھلیٹ ثمر خان کا سائیکل پر کے ٹو بیس تک پہنچنے کا دعویٰ