Parenting

کووڈ کی وبا کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کا آئی کیو لیول کم ہوسکتا ہے، تحقیق

کورونا وائرس کی وبا کے دوران پیدا ہونے والے بچے زبان دانی، موٹر اسکلرز اور مجموعی ذہنی کارکردگی میں دیگر سے کافی پیچھے ہوں گے۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران پیدا ہونے والے بچے زبان دانی، موٹر اسکلرز اور مجموعی ذہنی کارکردگی میں دیگر سے کافی پیچھے ہوں گے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

پیائش کے بعد زندگی کے لیے ابتدائی سال بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں مگر کووڈ کی وبا کے باعث کاروبار، نرسریاں، اسکولوں اور پلے گراؤنڈز کی بندش سے چھوٹے بچوں کی زندگیاں نمایاں حد تک بدل گئی ہیں۔

براؤن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ گھر میں ذہنی نشوونما کا محدود ماحول اور باہری دنیا سے تعلق کم ہونے کے باعث اس وبا کے عہد میں پیدا ہونے والے بچے ذہنی نشوونما کی جانچ پڑتال کے لیے ڈیزائن کیے جانے والے ٹیسٹوں میں حیران کن حد تک کم اسکور حاصل کررہے ہیں۔

تحقیق کے مطابق وبا سے قبل پیدا ہونے والے 3 ماہ سے 3 سال کی عمر کے بچے اگر ٹیسٹ میں 100 کے قریب اسکور حاصل کرتے ہیں، تو وبا کے دوران پیدا ہونے والوں بچوں کا اسکور محض 78 ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ ہر لحاظ سے چونکا دینے والا ہے کیونکہ آپ بڑے ذہنی امراض سے ہٹ کر اس طرح کے مسائل نہیں دیکھتے۔

اس تحقیق میں امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے 672 بچوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 188 کی پیدائش جولائی 2020 سے قبل ہوئی تھی جبکہ 308 جنوری 2019 سے قبل پیدا ہوئے تھے۔

باقی 176 بچے جنوری 2019 سے مارچ 2020 کے درمیان کسی وقت پیدا ہوئے تھے۔

یہ سب بچے حمل کی مدت پوری ہونے پر پیدا ہوئے تھے اور ان میں سے کسی کو بھی معذوری کا سامنا نہیں تھا۔

محققین کے مطابق بچوں کی ذہانت یا آئی کیو لیول میں کمی کی سب سے بڑی وجہ گھروں میں والدین کا تناؤ اور پریشانی ہے، جس کے نتیجے میں بچوں سے ان کا تعلق معمول کے مطابق نہیں رہا۔

ذہنی افعال کے یہ کم اسکور طویل المعیاد اثرات مرتب کریں گے یا نہیں، یہ تو ابھی واضح نہیں مگر محققین کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے بچوں کی عمر بڑھے گی، معاملات کو ٹھیک کرنے کا موقع بھی کم ہوتا جائے گا۔

بالکل کسی عمارت کی طرح جس کی بنیاد اگر خراب ہو تو بعد میں اس کو ٹھیک کرنا آسان نہیں ہوتا۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا امریکا کے ان علاقوں کا ہے جہاں بیروزگاری پر مالی مراعات اور سوشل سپورٹ بہت اچھی ہے، خدشہ ہے کہ غریب علاقوں اور ممالک میں معاملات اس سے بھی زیادہ بدتر ہوسکتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ ان کو پری پرنٹ سرور پر جاری کیا گیا۔

کووڈ کو شکست دینے والوں میں سوچنے اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا انکشاف

سائنوفارم ویکیسن کووڈ سے موت سے بچانے کے لیے بہت زیادہ مؤثر قرار

کووڈ سے متاثر اکثر بچوں میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، تحقیق