کشمیر پریمیئرلیگ: مظفر آباد ٹائیگرز، اوورسیز ویریئرز کی فتح
کشمیر پریمیئرلیگ (کے پی ایل) کے دو اہم میچوں میں مظفر آباد ٹائیگرز نے باغ اسٹالینز کو اور اوورسیز ویریئرز نے راولاکوٹ ہاکس کو شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔
مظفر آباد کرکٹ گراؤنڈ میں جاری کے پی ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کے 12 ویں میچ میں مظفر آباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر باغ اسٹالینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
باغ اسٹالینز نے افتخار احمد اور کپتان شان مسعود کی شان دار بیٹنگ کے باعث اسکور بورڈ پر بڑا مجموعی سجایا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا رنگارنگ افتتاح
ذیشان ملک اور کپتان شان مسعود نے 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، ذیشان 10 رنز بنا سکے، جس کے بعد روحیل نذیر بھی 10 رنز کا اضافہ کرکے محمد حفیظ کو وکٹ دے گئے۔
محمد حفیظ نے اننگز کے ساتویں اوور میں مظفر آباد ٹائیگرز کو پہلی دو گیندوں میں مسلسل دو وکٹیں دلائیں اور اسد شفیق کو صفر پر آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کا موقع ملا تاہم افتخار احمد نے ناکام بنا دیا۔
شان مسعود باغ اسٹالینز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے چوتھے اور آخری بلے باز تھے جو افتخار احمد کے ساتھ چوتھی وکٹ میں اسکور 130 رنز تک پہنچا کر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے 40 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔
افتخار احمد اور عامر یامین نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
باغ اسٹالینز نے افتخار احمد کے آؤٹ ہوئے بغیر 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی برق رفتار اننگز کی مدد سے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 213 رنز بنائے۔
عامر یامین نے بھی آؤٹ ہوئے بغیر 21 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
مظفر آباد ٹائیگرز کی جانب سے محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 2، سہیل تنویر اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کے پی ایل میں ایک بڑےہدف کے تعاقب میں مظفرآباد ٹائیگرز کا آغاز ناقص رہا جہاں ملک نثار صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ذیشان اشرف اور صہیب مقصود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 74 رنز تک پہنچایا، ذیشان 21 رنز بنا کر عمید آصف کی وکٹ بن گئے۔
محمد حفیظ بیٹنگ میں ناکام ہوئے تاہم صہیب مقصود نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور 123 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔
سہیل اختر 26 اور سہیل تنویر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مظفر آباد کا اسکور 6 وکٹوں پر 159 رنز تھا۔
انور علی کے جارحانہ 43 رنز اور محمد وسیم کے صرف 9 گیندوں پر 31 رنز کی بدولت مظفرآباد ٹائیگرز نے 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 6 وکٹوں پر 214 رنز بنا کر باغ اسٹالینز کی جانب سے دیا گیا بڑا ہدف حاصل کرلیا۔
مظفر آباد ٹائیگرز نے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔
انور علی کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اوورسیز ویریئرز کی راولاکوٹ ہاکس کوشکست
کے پی ایل کا 13 واں میچ راولاکوٹ ہاکس اور اوور سیز ویریئرز کے درمیان کھیلا گیا، جس کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔
اوورسیز ویریئرز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر راولا کوٹ ہاکس کے کپتان حسین طلعت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کے باؤلرز نے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔
عمرامین اور صاحبزادہ فرحان نے 36 رنز کا آغاز کیا جبکہ محمد موسیٰ نے ویریئرز کو پہلی کامیابی دلائی اور صاحبزادہ فرحان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
راولاکوٹ کے بلے بازوں نے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 12 ویں اوور میں 81 کے اسکور پر سمیع اللہ آفریدی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عمر امین نے 42 گیندوں پر 54 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے اور کپتان حسین طلعت نے بھی ان کا ساتھ دیا۔حسین طلعت 23 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد دیگر بلے باز مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔
راولا کوٹ ہاکس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 145 رنز بنائے۔
اوور سیز ویریئرز کی جانب سے عباس آفریدی نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔
سہیل خان نے 3 اور محمد موسیٰ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اوور سیز ویریئرز کے اوپنرز ناصر نواز اور نوید ملک نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے پہلی وکٹ میں 105 رنز بنائے، اس دوران ناصر نواز نے 56 اور نوید ملک نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
اعظم خان ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 5 رنز بنا کرآصف آفریدی کی وکٹ بن گئے تاہم حیدر علی اور آغا سلمان نے بالترتیب 9،9 رنز بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح دلائی۔
اوور سیز ویریئرز نے 14 ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں پر 133 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔
ناصر نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔