چین میں پاکستانی یومِ آزادی کس طرح مناتے ہیں؟
پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے ہماری یادوں کی پٹاری میں کچھ زیادہ یادیں موجود نہیں ہیں۔ پاکستان میں رہتے ہوئے پھر بھی کچھ کرلیتے تھے، لیکن چین آنے کے بعد اس سے بھی گئے۔
اگرچہ چین میں ہزاروں پاکستانی رہتے ہیں لیکن ان کے آپس میں روابط نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ان کے درمیان واحد رابطہ بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارت خانہ ہے، مگر وہاں بھی ان کے میل جول کی کوئی سبیل نہیں بنتی۔ سفارت خانہ سال میں کئی تقریبات کا اہتمام کرتا ہے لیکن ان میں اکثر پاکستانی کمیونٹی کو ہی بلانا بھول جاتا ہے۔
وہاں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر بھی ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ ہم خود تو کبھی اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکے لیکن ہمارے ایک دوست اس کا حصہ بنتے رہے ہیں۔
ہمارے اس تقریب میں نہ جانے کی کئی وجوہات ہیں۔ سب سے بڑی وجہ بتا دیتے ہیں۔ ہمیں کبھی معلوم ہی نہیں ہوا کہ اس تقریب میں عام پاکستانی بھی جاسکتے ہیں یا یہ صرف سفارت خانے کے عملے کے لیے ہی منعقد کی جاتی ہے۔
ہم چین آنے کے بعد دو چار مرتبہ سفارت خانے گئے۔ کام کوئی نہیں تھا۔ وہاں ایک چھوٹی سی دکان موجود ہے جو ایک چینی چلاتا ہے۔ وہاں سے باسمتی چاول، آٹا، دالیں، مصالحے اور دیگر چیزیں خریدی جا سکتی ہیں۔ یہ ساری اشیاء آن لائن بھی دستیاب ہیں۔ لیکن چونکہ ہمیں اس وقت آن لائن خریداری نہیں آتی تھی تو ہم وہیں سے جاکر اپنے لیے مہینے بھر کا سامان لے آتے تھے۔ پہلی بار تو کچھ نہ ہوا، لیکن دوسری مرتبہ سفارت خانے کے عملے نے کہا کہ وہ دکان صرف ان کے لیے ہیں اور دیگر پاکستانی وہاں سے خریداری نہیں کرسکتے۔ یہاں بھی وہی مسئلہ ہوا۔ انہوں نے ہمیں تو مطلع کردیا لیکن دکاندار کو مطلع کرنا بھول گئے۔ وہ آج بھی باہر سے آنے والے پاکستانیوں کو یا تو سفارت خانے سے منسلک اسکول اور کالج کے دروازے سے اندر بلوا لیتا ہے یا ان سے فہرست لے کر سامان خود ان کے پاس دروازے تک لے آتا ہے۔
سفارت خانے میں موجود مسجد کا بھی کچھ ایسا ہی حال ہے۔ ہمارے کچھ پاکستانی دوستوں نے وہاں نمازِ جمعہ کے لیے جانے کی کوشش کی تو انہیں بتایا گیا کہ یہ مسجد صرف سفارت خانے کے عملے کے لیے ہے۔ اس لیے ہم ہمیشہ شک میں ہی رہے کہ کہیں ہم کسی تقریب میں جاکر سفارت خانے کے عملے کا حق نہ مارلیں۔
ہمارے ایک دوست اپنے بچپن میں چین آئے تھے۔ انہوں نے اپنی تعلیم سفارت خانے کے اسکول اور کالج سے ہی حاصل کی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ہماری یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ چونکہ ایک لمبا عرصہ سفارت خانے کے اسکول اور کالج میں پڑھتے رہے ہیں، اس وجہ سے وہ وہاں کے ماحول کے عادی ہیں اور وہاں کے لوگ بھی انہیں جانتے ہیں۔ وہ 2 سال قبل پاکستان جانے سے پہلے سفارت خانے کی ہر تقریب میں شامل ہونے کی کوشش کرتے تھے۔ اس تحریر کے لیے ہم نے ان ہی سے رابطہ کیا۔
انہوں نے ہمیں بتایا کہ اس تقریب میں سفارت خانے کے عملے، اس سے منسلک اسکول اور کالج کے عملے اور طالب علموں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے کچھ لوگ شرکت کرتے ہیں۔ اس تقریب میں چین میں موجود ہر پاکستانی شرکت کرنے کا اہل ہے لیکن سفارت خانے کا عملہ انہیں تقریب کی اطلاع ہی نہیں ہونے دیتا۔ اگر کوئی پھر بھی آجائے تو اسے دروازے پر ہی ایک دو باتیں سنا دی جاتی ہیں۔ پھر بھی کوئی ڈھیٹ بن کر اندر چلا جائے تو اس کا تقریب میں ٹکنا اس کی ڈھٹائی پر منحصر ہوتا ہے۔
تقریب کا آغاز حمد و نعت سے ہوتا ہے۔ پھر پرچم کشائی ہوتی ہے۔ اس کے بعد چین میں پاکستان کے سفیر حاضرین سے خطاب کرتے ہیں۔ پھر اسکول کے طالب علم کچھ ملی نغمے گاتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر حاضرین کو چائے، سموسے اور سینڈوچ پیش کیے جاتے ہیں۔
سموسوں کا سن کر ہم نے بھی اس سال کی تقریب میں جانے کا سوچا۔ چین جتنا بھی اچھا ہو یہاں ابھی تک سموسے اس طرح عام نہیں ہوئے جس طرح پاکستان میں ہیں۔ چین میں کورونا وائرس کے کیسز بھی دوبارہ سے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے سوچا جانے سے پہلے فون کرلیتے ہیں۔ تقریب کا بھی پوچھ لیں گے اور بلاگ کے لیے معلومات بھی لے لیں گے۔