پاکستان

محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کرنے کی ہدایت

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے علما کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے محرم الحرام کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
|

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے۔

منگل کو محرم الحرام کے لیے این سی او سی کی طرف سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جنہیں متعلقہ علما کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر جاری کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کووڈ 19سے مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار سے متجاوز

اس حوالے سے کہا گیا کہ تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیے جائیں۔

اس سلسلے میں کہا گیا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور تھرمل سکریننگ یقینی بنائی جائے۔

این سی او سی نے ہدایات میں کہا کہ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مجالس ہوادار اور کُھلے کمروں میں منعقد کی جائیں اور انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ویکسین نہ لگانے والوں کو یکم اکتوبر سے سفری پابندیوں کا سامنا ہوگا

اس سلسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نمایاں آویزاں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں وائرس کی چوتھی لہر خصوصا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کے پیش نظر ماہرین صحت نے محرم الحرام میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام عزادار این سی او سی کے ایس او پیز پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کو بھی مثبت کیسز میں کمی کے بعد 9 اگست کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد، راولپنڈی میں مثبت کورونا کیسز کی شرح دہرے ہندسوں میں داخل

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ صوبے میں 9 اگست سے پابندیوں میں نرمی کی جائے گی تاہم چند پابندیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کراچی اور حیدرآباد میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ختم ہوگیا ہے اور اب ہمارا ہدف ہے کہ ان کیسز کی تعداد میں کمی لائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3ہزار 884 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 86 افراد ہلاک ہو گئے۔

اب تک ملک میں 10لاکھ 75ہزار 504 کووڈ۔19 کے مریضوں کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

حکومتِ پنجاب کا طلحہ طالب، ارشد ندیم کیلئے 10، 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

گھروں کو اے سی کے بغیر ٹھنڈا کرنے والی منفرد ٹیکنالوجی

خاتون نے شہزادہ اینڈریو پر جنسی استحصال کا مقدمہ کردیا