حکومتِ پنجاب کا طلحہ طالب، ارشد ندیم کیلئے 10، 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان
حکومتِ پنجاب نے اولمپکس میں ویٹ لفٹنگ اور جیولن تھرو میں پانچویں نمبر پر آنے والے طلحہ طالب اور ارشد ندیم کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔
وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹ میں ارشد ندیم پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کوالیفائی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب دونوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ارشد ندیم کو خود ایئرپورٹ لینے جاؤں گا۔
رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کو تمام شائقین شوق سے دیکھ رہے تھے، مایوس ہونے کی بات نہیں، ارشد ندیم نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ارشد ندیم جیولین تھرو میں میڈل جیتنے میں ناکام
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ اعزاز کی بات ہے کہ ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی اور طلحہ طالب نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نے ہمیشہ سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خود بچوں کو انعام دیں گے۔
وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے کہا کہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کو بھی 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کوہ پیما اور حکومت پنجاب کے سفیر برائے امن شہروز کاشف کو بھی پاکستان کی بلند ترین چوٹی سَر کرنے پر 10 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔
وزیر کھیل پنجاب نے مزید کہا کہ پیرا اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والے حیدر علی اور انیلہ بیگ کو بھی سپورٹ کر رہے ہیں، دونوں پیرا اولمپکس کھلاڑیوں کے سفری اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
یاد رہے کہ اخراجات نہ اٹھانے کے باعث حیدر علی اور انیلہ بیگ کی پیرا اولمپکس میں شرکت معدوم ہو چکی تھی تاہم بروقت اعلان سے دونوں کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ پیرا اولمپکس میں میڈل جیتنے کے لیے پر امید ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘آپ پر فخر ہے’، ویٹ لفٹر طلحہ اولمپک میں ناکامی کے باوجود ہیرو بن گئے
واضح رہے کہ ارشد ندیم اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں سونے کے تمغے کے حصول کے لیے فائنل میں 12 ایتھلیٹس میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
فائنل میں سونے کے تمغے کے لیے ارشد کا مقابلہ عالمی نمبر ایک جرمنی کے جوہانس ویٹر اور 97.76 میٹر کی طویل تھرو پھینکنے والے عالمی نمبر دو جمہوریہ چیک کے جان زیلزنی سے ہوا۔
بعدازاں ارشد ندیم کی چھ میں سے دو تھرو ضائع ہوئیں اور اس طرح سے وہ جیولین تھرو کے مقابلے میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔
ان سے قبل 25 جولائی کو نوجوان ویٹ لفٹر طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں معمولی فرق سے گولڈ میڈل جیت نہ سکے تھے تاہم ٹوئٹر پر پاکستانیوں نے طلحہ طالب کی تعریفیں اور ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔