پاکستان

بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ، جھوٹ پر مبنی ہے، شیخ رشید

سرحد پر باڑ لگی ہوئی ہے مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب جھوٹ ہے اور ان کی غیر ذمہ دارانہ سوچ کا مظاہرہ اور غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد بھیج رہا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحد پر باڑ لگی ہوئی ہے مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اگر بھارتی وزیر داخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ جو ہمارے شکوک ہیں کہ وہ ہمارے لیے مشرق اور مغرب دونوں جانب مسائل کھڑے کرنا چاہتے ہیں وہ درست ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کیلئے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، شیخ رشید

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کو بیان دینے سے تو نہیں روکا جاسکتا لیکن ہماری تمام ہمدردیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدو جہد آزادی کے ساتھ ہیں لیکن پاکستان کی جانب سے کوئی دراندازی نہیں ہورہی، ان کا بیان سراسر غلط ہے۔

’نور مقدم قتل کیس کے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل’

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ نور مقدم قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم ظاہر جعفر اور اس کے والدین کے ناموں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل ای سی ایل سے متعلق اجلاس میں نور مقدم قتل کیس میں ملوث تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے ہیں۔

’تمام جعلی شناختی کارڈز منسوخ کریں گے‘

جعلی شناختی کارڈ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بائیومیٹرک ٹیکنالوجی سے استعمال سے قبل بننے والے 70 لاکھ شناختی کارڈز کی تجدید کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت انگوٹھے کے نشان والا نظام نہیں تھا اور ہاتھ سے آئی ڈی کارڈز بنتے تھے اس لیے اس وقت جعلی شناختی کارڈز بن گئے۔

مزید پڑھیں: انتخابات سے قبل نیب کے کرپشن کیسز کے فیصلے ہو جائیں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ تمام جعلی شناختی کارڈز منسوخ کیے جارہے ہیں اور جن افسران نے اس میں سہولت کاری کی، انہیں نادرا سے نکالا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اسمارٹ شناختی کارڈ کو وسعت دیں اور یہی کارڈ اسلحہ، ڈرائیونگ لائسنس کے لیے استعمال ہوسکیں تا کہ دیگر کارڈز سے جان چھوٹ جائے۔

’محرم الحرام میں فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کردی ہے‘

انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی چیف سیکریٹریز، آئی جیز کو ہدایت کی جاچکی ہے کہ عزاداروں کو فول پروف سیکیورٹی دیں اور آج سے قبائلی اضلاع میں 3 جی اور 4 جی کی بندش کی ہے جو 10 محرم تک جاری رہے گی باقی جہاں بھی کریں گے اس کا بھی بتادیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات و واقعات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ ہر مسلمان اپنی قومی ذمہ داری کا ثبوت دے اور اس ملک کی سلامتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ داسو بس حملے سے متعلق کیس میں پاکستانی اداروں نے کام مکمل کرلیا ہے جس کے بارے میں وزیر خارجہ جب مناسب سمجھیں گے، آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں، این ڈی ایس، بھارتیوں اور ملک دشمنوں کی جانب سے افغانستان کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوششوں کو شکست ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا افغانستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس کی سلامتی پاکستان کے لیے بڑی سپورٹ ہے، بین الاقوامی میڈیا میں منصوبہ بندی کے تحت باتیں اچھالی جارہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ افغانستان سے متصل پاکستان کی تمام سرحدیں سیل ہیں بلکہ چمن کے ذریعے پھلوں کی آمدو رفت بھی رکی ہوئی ہے لہٰذا افغانستان جانے افغانوں کا مسئلہ جانے، پاکستان اس میں کسی صورت ملوث نہیں ہے۔

کیا ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے جا رہی ہیں؟

ڈریپ، عالمی ادارہ صحت کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے پرامید

حکومت نے بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کے لیے نیپرا سے اجازت طلب کرلی