صحت

کورونا ویکسین تیار کرنے والی خاتون کے اعزاز میں باربی تیار

کھلونے بنانے والی امریکی کمپنی نے کورونا کے دوران 6 خواتین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں یہ باربی اعزاز میں پیش کیں۔

برطانوی کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے والی خاتون محقق سارہ گلبرٹ کو مختلف اعزاز حاصل تھے اور اب ان جیسی باربی بھی تیار کرلی گئی ہے۔

دراصل کھلونے بنانے والی امریکی کمپنی میٹل انکارپوریشن نے بچوں کی من پسند گڑیا باربی کے ذریعے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والی 6 خواتین کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزاز پیش کیا۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے باربی کی اس سیریز کو 'رول ماڈل' ڈولز کا نام دیا گیا ہے۔

59 سالہ سارہ گلبرٹ آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر ہیں اور آکسفورڈ/ایسٹرازینیکا کی شریک ڈیولپر بھی ہیں۔

وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی ان 6 خواتین میں شامل ہیں جنہیں باربی کے ذریعے اعزاز پیش کیا گیا۔

سارہ گلبرٹ کے اعزاز میں تیار کی گئی باربی نے سیاہ رنگ کا چشمہ اور ایک نیوی بلیو پینٹ سوٹ اور وائٹ بلاؤز زیب تن کیا ہے۔

میٹل کے لیے دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک بہت ہی عجیب تصور ہے کہ باربی ڈول مجھ جیسی بنائی گئی ہے'۔

کھلونے تیار کرنے والی کمپنی میٹل کے مطابق جن افراد کے لیے اعزازی گڑیا تیار کی گئی ہیں ان میں ایمرجنسی روم نرس ایمی او سلیوان شامل ہیں جنہوں نے نیویارک کے علاقے بروکلین کے وائکوف ہسپتال میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کا علاج کیا تھا۔

باربی کے ذریعے لاس ویگاس کی فرنٹ لائن ڈاکٹر آڈری کروز کو بھی اعزاز دیا گیا ہے جنہوں نے امتیازی سلوک کا مقابلہ کیا تھا۔

دیگر گڑیوں میں یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں کینیڈین سائیکیٹری ریذیڈنٹ اسٹیسی اوریووا شامل ہیں، جنہوں نے صحت کی دیکھ بھال میں نسل پرستی کا مقابلہ کیا۔

کمپنی کے مطابق ان میں برازیلین بائیو میڈیکل ریسرچر جیکولین گوز ڈی جیسس بھی شامل ہیں جنہوں نے برازیل میں کووڈ-19 کے ویرئنٹ کے جینوم کی ترتیب کی قیادت کی۔

ایک گڑیا کے ذریعے ایک آسٹریلوی ڈاکٹر کربی وائٹ کو بھی اعزاز دیا گیا ہے جنہوں نے ایک ایسا سرجیکل گاؤن تیار کیا جسے عالمی وبا کے دوران فرنٹ لائن ورکرز دھو سکتے ہیں اور دوبارہ استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان مستعفی

ٹوکیو اولمپکس: آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ پر شکست، ہاکی چمپیئن بیلجئیم کا پہلا گولڈ میڈل

افغانستان: طالبان کا نمروز میں پہلے صوبائی دارالحکومت پر قبضہ