موڈرنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس کی تیار کردہ کووڈ ویکسی، دوسری خوراک کے استعمال کے 6 ماہ بعد بھی بیماری سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے 93 فیصد تک مؤثر ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ موڈرنا ویکسین کووڈ سے بچاؤ کے لیے 94 فیصد تک مؤثر ہوتی ہے یعنی 6 ماہ کے عرصے میں اس کی افادیت میں کوئی کمی نہیں آتی۔
اس کے مقابلے میں حال ہی میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے جاری ڈیٹا میں بتایا گیا تھا کہ ان کی تیار کردہ کووڈ ویکسین کی افادیت میں ہر 2 ماہ میں 6 فیصد تک کمی آتی ہے اور دوسری خوراک کے 6 بعد افادیت 84 فیصد رہ جاتی ہے۔
موڈرنا اور فائزر۔بائیو این ٹیک ویکسینز ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔
موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن بینسل نے بتایا کہ ہماری کووڈ ویکسین کی افادیت 6 ماہ تک 93 فیصد رہتی ہے جس سے اس کے دیرپا اثر کا اظہار ہوتا ہے، مگر ڈیلٹا قسم ایک نیا اور نمایاں خطرہ ہے، جس کے دیکھتے ہوئے ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اگر ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں کمی آتی ہے تو ہوسکتا ہے کہ موسم سرما سے قبل لوگوں کو بوسٹر شاٹ فراہم کرنے کی ضرورت محسوس ہو۔
کمپنی نے یہ بات اس وقت کہی جب دنیا کے مختلف ممالک میں لوگوں کو کووڈ ویکسینز کی اضافی خوراک کی فراہمی پر بحث ہورہی ہے جس کی وجہ ڈیلٹا قسم کا تیزی سے پھیلنا ہے۔
فائزر کی جانب سے اگست میں کسی وقت تیسری خوراک کی منظوری کی درخواست دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
موڈرنا نے بوسٹر شاٹس کے حوالے سے ایک الگ بیان جاری کیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس نے 3 مختلف بوسٹر شاٹس پر تحقیق کی ہے جن سے کورونا کی اقسام بشمول گیما، بیٹا اور ڈیلٹا کے خلاف ٹھوس اینٹی باڈی ردعمل پیدا ہوا۔