صحت

نیویارک کے میئر کا کورونا ویکسین لگوانے والوں کو 100 ڈالر دینے کا اعلان

گمراہ کن معلومات اور خوف نے بہت نقصان پہنچایا ہے، یہ ہم سب کے حق میں ہے کہ ہر فرد کو ویکسین لگائی جائے، میئر بل ڈے بلازیو

امریکی شہر نیویارک کے میئر بل ڈے بلازیو نے شہر میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو عالمی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو 100 ڈالر انعام دینے کی پیشکش کا اعلان کردیا۔

این بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے میئر نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں مذکورہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا ہے۔

جمعہ بروز 30 جولائی سے شروع ہونے والی پیشکش کے تحت نیویارک شہر کے ویکسینیشن سینٹرز میں اپائٹمنٹ لینے والے شہریوں اور ملازمین کو یہ انعام نقدی کی صورت میں دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: امریکا نے دوسری کورونا ویکسین کے استعمال کی بھی منظوری دیدی

پریس کانفرنس میں شریک ایک عہدیدار نے بتایا کہ کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز لگوانے والے افراد کو ایک پری پیڈ ڈیبٹ کارڈ ارسال کیا جائے گا یا فوری طور پر ای میل کے ذریعے ڈیجیٹلی فراہم کیا جائے گا۔

نیویارک کے میئر کا کہنا تھا کہ 'میں ذاتی طور اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ اسی وقت آپ کو انعام دیا جائے گا، میرا خیال ہے کہ اس سے لوگوں میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے'۔

جب نیویارک کے میئر سے سوال کیا گیا کہ ان لوگوں کو کیا ملے گا جو پہلے ہی ویکسین لگواچکے ہیں تو انہوں نے کہا کہ 'درست کام کرنے پر ان کا شکریہ'۔

انہوں نے کہا کہ 'اپنے لیے، آپ کے اہلخانہ کے لیے، آپ کی کمیونٹی کے لیے ویکسین لگوانا درست تھا، آپ نے درست کام کیا اور اس کا انعام یہ تھا کہ آپ محفوظ ہیں اور اس کی وجہ سے زندہ ہیں، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ ویکسین کے حوالے سے بہت زیادہ گمراہ کن باتیں پھیلائی جارہی ہے بالخصوص سوشل میڈیا پر، ہم نے بہت سی ایسی معلومات پر قابو پالیا ہے اور دیگر پر قابو پانا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت نے سائنوویک کی کورونا ویکسین کی منظوری دے دی

خیال رہے کہ نیویارک شہر میں 90 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

نیویارک کے میئر نے کہا کہ شہر کی 59 فیصد سے زائد آبادی نے کورونا ویکسین کا کم از کم ایک ڈوز لگوایا ہے مگر یہ کافی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'گمراہ کن معلومات اور خوف نے بہت نقصان پہنچایا ہے، یہ ہم سب کے حق میں ہے کہ ہر فرد کو ویکسین لگائی جائے'۔

ٓ

تھر میں امریکی باسکٹ بال اسٹار کی مدد سے سولر واٹر سینٹر قائم

انسٹاگرام ریلز ویڈیوز کا دورانیہ ایک منٹ تک بڑھا دیا گیا

سعودی سرمایہ کاروں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، دفتر خارجہ