پاکستان

کراچی واٹر بورڈ کو غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی کی ہدایت

پمپنگ اسٹیشن پرپولیس کی مددسے پیٹرولنگ کریں اوریہاں آنے والے تمام ٹینکرزکو ضبط کر کےملزمان کے خلاف مقدمہ درج کریں، ناصر حسین شاہ

وزیر اطلاعات و نشریات اور بلدیات ناصرحسین شاہ نے کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو شہر میں قائم غیر قانونی ہائیڈرینٹس اور کنکشنز کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات اور بلدیات ناصر حسین شاہ نے حب میں واقع پمپنگ اسٹیشن اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور قادر خان مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی لیاقت عسکانی، اسداللہ خان اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا، حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے بھی مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو غیر قانونی ہائیڈرینٹس اور کنکشنز کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کردی اور زور دیا کہ کراچی میں پانی کی طلب بڑھنے کے پیش نظر پانی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع غربی کراچی کو ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے لیے منتخب نمائندوں اور کے ڈبلیو ایس بی کے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فراہمیِ آب کا نظام: مسائل، وجوہات اور حل

صوبائی وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی کے لیے نئے واٹر پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔

ناصر حسین شاہ نے نادرن بائی پاس کے قریب اللہ بائی یونین کونسل کی حدود میں واقع پمپنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ اس پمپنگ اسٹیشن سے 30 گوٹھوں کو پانی فراہم کیا جارہا ہے لیکن یہاں طویل عرصے سے یہ سہولت متاثر ہوچکی ہے اور یہ اسکیم کراچی کے ضلعی کونسل کے زیر اہتمام شیر محمد بلوچ نے شروع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ کا کراچی میں ٹینکر مافیا کے فوری خاتمے کا حکم

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کنیکشنز اور ٹینکرز کے ذریعے یہاں سے پانی چوری کیا جارہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو پمپنگ اسٹیشن پر اہلکار تعینات کرنے اور پولیس کی مدد سے پیٹرولنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر بلدیات نے ایم ڈی کے ڈبلیو بی ایس کو ہدایت دی کہ یہاں آنے والے تمام ٹینکرز کو ضبط کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کریں۔

انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ سے مزید کہا کہ پمپنگ اسٹیشنز کی بحالی کے لیے منصوبہ بھی تیار کریں۔

روس کا افغانستان میں داعش کی موجودگی کا انتباہ

انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

امریکی جمناسٹک کھلاڑی ذہنی صحت پر توجہ دینے کیلئے اولمپکس سے دستبردار