پاکستان

چین، پاکستان کا افغانستان میں جنگ بندی کا مطالبہ

مشترکہ اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل کی حمایت اور اس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے تمام افغان اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک جامع جنگ بندی پر اتفاق کریں اور مذاکرات سے طے شدہ سیاسی تصفیے کے حصول کے لیے مل کر کام کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے سچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک مکالمے کا تیسرا اجلاس منعقد ہونے کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ یی نے اپنے مطالبے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں امن پاکستان، چین کے ساتھ قریبی تعلقات سے منسلک ہے، وزیر خارجہ

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے افغان امن عمل کی حمایت اور اس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پرامن، مستحکم، متحد اور خوشحال افغانستان کے لیے ’افغان کے زیر قیادت اور افغان ملکیت‘ پر مبنی عمل کی حمایت کرتے رہیں گے۔

دونوں اطراف نے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور پاکستانی اور چینی کارکن زخمی بھی ہوئے۔

فریقین نے جاری مشترکہ تفتیش کے ذریعے مجرمان اور ان کے قابل مذمت ارادوں کو بے نقاب کرنے، قصورواروں کو مثالی سزا دینے، چینی منصوبوں، شہریوں اور اداروں کی جامع حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے اور اس طرح کے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صورتحال پر پاکستان، چین، افغانستان کا سہ فریقی اجلاس آج ہوگا، شاہ محمود قریشی

فریقین نے دوطرفہ تزویراتی، معاشی اور سلامتی تعاون، کووڈ 19 اور بین الاقوامی اور علاقائی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر دوطرفہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اقدامات پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔

فریقین نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پائیدار پاک ۔ چین دوستی، سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے اہم سنگ میل کو پہنچی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب نے ہمہ جہتی تعاون کو مستحکم کرنے، اعلیٰ سطح کے تبادلے کی رفتار کو برقرار رکھنے، بیلٹ اینڈ روڈ کی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح تک فروغ دینے اور دونوں ممالک اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور چین میں 'قربت' ہے، امریکی رپورٹ

پاکستان نے ملک میں ویکسی نیشن مہم میں مستقل تعاون کرنے اور اسلام آباد میں قومی انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں ویکسین کی سہولت کے قیام پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

چین نے قومی صحت کے نظام کو مستحکم کرنے اور وبائی امراض کے منفی معاشی و معاشرتی اثرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جس نے پاکستان میں معاشرتی و اقتصادی ترقی میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔

'بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کیلئے 20 سال سے افغان سرزمین استعمال کررہا ہے'

کورونا کی قسم ڈیلٹا بہت تیزی سے کیوں پھیلتی ہے؟ جواب سامنے آگیا

نور مقدم قتل: مشتبہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع