کھیل

بورڈ اور فرنچائز آئندہ سال جنوری، فروری میں پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر متفق

پاکستان سپر لیگ کے آئی پی ایل سے ٹکراؤ اور غیرملکی کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم دستیابی کے مسئلے کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزوں نے لیگ کا ساتواں ایڈیشن آئندہ سال متفقہ طور پر جنوری اور فروری میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تمام میچز پاکستانی سرزمین پر منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ 21سال بعد پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلین ٹیم کی آمد اور ہوم سیریز کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز شامل کیے جائیں گے۔

جمعے کے روز زوم پر ہونے والے پی سی بی اور فرنچائزز کے آن لائن اجلاس میں یہ بات واضح کی گئی کہ جنوری اور فروری پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے انعقاد کا بہترین وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

فرنچائز کے ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن کراچی سے شروع ہو گا جبکہ پنجاب میں اختتام پذیر ہوگا۔

فرنچائزز نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے لیے ایسا شیڈول بنائے جس میں زیادہ تر میچز 1998 کے بعد پاکستان آنے والی آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے درمیان منعقد کیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جنوری/فروری پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے بہترین وقت تصور کیا جارہا ہے کیونکہ اس کے فوری بعد آسٹریلیا سیریز ہے، رمضان المبارک کے ساتھ ہی انڈین پریمئیر لیگ شروع ہونے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں نشریاتی مسائل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی دستیابی بھی بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایڈیشن عالمی وبا کے باعث شدید متاثر ہوئے تھے اور کورونا وائرس جنوری اور فروری کے دوران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے تو ذرائع نے جواب دیا کہ پی سی بی برطانوی کمپنی کی خدمات حاصل کر رہا ہے، جیساکہ انہوں نے حال ہی میں ابو ظہبی میں ہونے والی ٹی20 لیگ میں کیا تھا تاکہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل 2021 کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرز کا اعلان

ذرائع کے مطابق پی سی بی کا کہنا تھا کہ اب ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں جب کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود کھیلوں کے بڑے مقابلے ملتوی نہیں کیے گئے، تو اس خطرے کے ساتھ ہی زندگی گزارنی پڑے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے شیڈول اور ڈبل ہیڈر سمیت دیگر پر بھی کام شروع کردیا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کو نئے کمرشل رائٹس پر دستخط کرنے پڑیں گے جن میں ٹائٹل اسپانسرشپ، میڈیا کے حقوق اور دیگر چیزیں شامل ہوں گی لیکن اس سے قبل انہیں پی ایس ایل کی موجودہ قدر کا اندازہ لگانا ہوگا اور اس کے بعد ہی نئےکمرشل معاہدوں پر بولی کا عمل شروع ہو گا۔

ہانیہ کی شادی کی خواہش، سہانا کے بولڈ انداز اور ماہیکا شرما کے انکشافات

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر انتخابات کو متنازع ہونے سے بچائے، بلاول بھٹو زرداری

براڈ پٹ اور انجلینا جولی کی طلاق اور بچوں کی حوالگی کے کیس میں نیا موڑ