ہونڈا موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں 4 ماہ میں تیسری مرتبہ اضافہ
اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جن کا اطلاق 21 جولائی 2021 سے ہوگا۔
خیال رہے کہ اٹلس ہونڈا کی جانب سے گزشتہ 4 ماہ میں تیسری مرتبہ موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں 5 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ہونڈا موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ
پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی موٹرسائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ اضافے کے بعد ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت ساڑھے 84 ہزار روپے سے بڑھ کر 86 ہزار 900 تک پہنچ جائے گی۔
موٹرسائیکل بنانے والی کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی جی 125 کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ 39 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 42 ہزار 500 ہوجائے گی۔
ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں 3ہزار روپے جبکہ پرائڈر کی قیمت میں ڈھائی ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت90 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 93 ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار روپے ہوجائے گی۔
اسی طرح سی جی 125 کی قیمت 3 ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 67 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ70 ہزار 500 روپے ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ماہ کے اندر دوسری مرتبہ ہونڈا موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ
سی بی 125 ایف اور سی بی 150 ایف کی قیمتوں میں فی کس 5ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
مذکورہ اضافے کے بعد سی بی 125 ایف کی قیمت 2 لاکھ 500 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 5 ہزار 500 جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت 2 لاکھ 55 ہزار 500 سے بڑھ کر 2 لاکھ 60 ہزار 500 ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ رواں برس ہونڈا اٹلس کی جانب سے متعدد مرتبہ موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ نہیں بتائی گئی.
ایک طرف آٹو پالیسی 2026-2021 کے بعد سے گاڑی بنانے والی تمام کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کردی ہے لیکن موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے بائیک انڈسٹری کے لیے ٹیکس میں کمی یا کسی مراعات کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بظاہر کسی جواز کے بغیر موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔