6300 فٹ کی بلندی سے گرنے والی خواتین معجزانہ طور پر بچنے میں کامیاب
روس میں 6300 فٹ بلند پہاڑ پر نصب جھولے سے نیچے گرنے والی خواتین معجزانہ طور پر بچ گئیں تاہم انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
دی سن کی رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین داغستان کے علاقے میں واقع وادی سولاک میں پہاڑ کنارے نصب جھولے میں سوار تھیں کہ اچانک جھولے کی ایک چین ٹوٹ گئی اور وہ موت کے منہ میں جاپہنچیں۔
خوش قسمتی سے خواتین پہاڑ کے کنارے پر موجود لکڑی کے تختے پر گریں جس سے ان کے جسم پر معمولی چوٹیں آئیں لیکن ان کی جان بچ گئی۔
مزید پڑھیں: خاتون 5 ہزار فٹ بلندی سے گر کر کرشماتی طور پر بچنے میں کامیاب
مقامی اخبار کم سوموسکیا پروادا کی رپورٹ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’خواتین خوفزدہ ہوگئی تھیں لیکن ان میں سے کوئی شدید زخمی نہیں ہوئی‘۔
ذرائع نے مزید کہا کہ ’یہ تصور ہی ہولناک ہے کہ اگر وہ اس وقت نیچے گرتیں جب جھولا ہوا میں زیادہ بلند ہوتا تو کیا ہوسکتا تھا‘۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے جس میں جائے وقوعہ پر موجود افراد کو جھولے کی چین ٹوٹنے پر خوف سے چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پتنگ سے الجھ کر ہوا میں اڑنے والی بچی معجزانہ طور پر بچ گئی
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے کہ اتنی بڑی غفلت کیسے ہوئی جبکہ داغستان کے محکمہ سیاحت نے کہا کہ جھولا حفاظتی معیارات پر پورا نہیں اترتا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سروسز متعلقہ تحقیقات کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ مستقبل میں ایسے حادثات پیش نہ آئیں۔