لائف اسٹائل

بلقیس ایدھی بھی ’رقصِ بسمل’ میں عمران اشرف کی اداکاری کی معترف

اداکار عمران اشرف نے بلقیس ایدھی کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کی معروف سماجی شخصیت اور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی نے بھی ڈراما ’رقصِ بسمل‘ میں عمران اشرف کی اداکاری کو سراہا ہے۔

گزشتہ روز اداکار عمران اشرف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک خاتون، بلقیس ایدھی کا انٹرویو کررہی تھیں اور حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے مقبول ترین ڈرامے ’رقصِ بسمل’ کے حوالے سے ان کی رائے لے رہی تھیں۔

ویڈیو میں خاتون کے سوال پر بلقیس ایدھی نے اداکار عمران اشرف کے حوالے سے کہا کہ وہ انہیں بہت پسند کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ رقصِ بسمل‘ کے کامیاب اختتام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا سیکوئیل بنانے کا مطالبہ

بلقیس ایدھی نے مزید کہا کہ انہیں ڈراما سیریل ’رقصِ بسمل‘ میں عمران اشرف کا کردار ’موسیٰ’ بے حد پسند ہے۔

ویڈیو میں بلقیس ایدھی نے مزید بتایا کہ انہیں عمران اشرف کا ڈراما اتنا زیادہ پسند آیا ہے کہ وہ اس کی آخری قسط بار بار دیکھ رہی ہیں۔

میزبان نے جب بلقیس ایدھی سے عمران اشرف کو دعا دینے کا کہا توبلقیس ایدھی نے کہا کہ میں نے دعا کی جب ہی تو موسیٰ اور زہرا ایک دوسرے سے ملے۔

اداکار عمران اشرف نے مذکورہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے بلقیس ایدھی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ لکھا جو لوگ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ہیں مسز عبدالستار ایدھی، بلقیس صاحبہ آپ کی دعاؤں میں رہنا، آپ کو پسند آنا ایوارڈ ہے بلکہ کرم ہے۔

عمران اشرف نے مزید لکھا کہ ’اللہ کے پسندیدہ لوگوں میں سے ہیں آپ جو انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اللہ آپ کو صحت دے تندرستی دے آمین‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران اشرف نے 'رقصِ بسمل' کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر لگا دروازہ کیوں توڑا؟

خیال رہے کہ ڈراما سیریل ’رقصِ بسمل‘ کی آخری قسط 9 جولائی کو نشر ہوئی تھی جس کے اختتام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار عمران اشرف اور اداکارہ سارہ خان کے ہیش ٹیگز بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہے تھے۔

'رقص بسمل' ڈرامے کی کہانی پاکستان کے معروف مصنف ہاشم ندیم نے لکھی جس میں اداکار عمران اشرف اور سارہ خان مرکزی کردار ادا کیے جبکہ زارا شیخ نے بھی اسی کے ذریعے ڈراما انڈسٹری میں ڈیبیو کیا۔

اس ڈرامے کی کہانی معاشرے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئی نظر آئی اور موسیٰ (عمران اشرف) کی پہلی نظر کو محبت کو کئی رکاوٹوں اور مشکلات کے بعد ملنے پر اختتام پذیر ہوگئی۔

یہ ڈراما پہلی قسط سے ہی مداحوں میں بہت زیادہ مقبول ہوا، جس میں عمران اشرف کی اداکاری سب کو بہت بھائی اور اس کی ہر قسط نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی کرتی رہی ہے۔

ماڈلز کو خود کو کسی ’شے‘ کے طور پر سمجھنا ہوگا، جی جی حدید

انٹرنیٹ پر کوئی بار بار ہانیہ عامر کو میرا شوہر بنا دیتا ہے، نادیہ خان

لگتا رہا قتل کردی جاؤں گی یا پاگل ثابت کیا جائے گا، برٹنی اسپیئرز