لائف اسٹائل

انٹرنیٹ پر کوئی بار بار ہانیہ عامر کو میرا شوہر بنا دیتا ہے، نادیہ خان

وکی پیڈیا پر دستیاب معلومات 80 سے 90 فیصد غلط ہوتی ہے، اس لیے لوگ اسے معلومات کا ذریعہ سمجھنا چھوڑ دیں۔

اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر کچھ لوگ بار بار اداکارہ ہانیہ عامر کو ان کا جیون ساتھی یا شوہر بنا کر پیش کر دیتے ہیں اور وہ اس غلطی کو کئی مرتبہ درست کر چکی ہیں۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اپنے مارننگ شو میں اداکار عمران عباس کے ساتھ گفتگو کے دوران میزبان نے بتایا کہ وہ اپریل سے اب تک بہت بار انٹرنیٹ اور خصوصی طور پر ’وکی پیڈیا‘ پر اپنی معلومات کو درست کر چکی ہیں مگر پھر بھی ان سے متعلق غلط معلومات فراہم کردی جاتی ہے۔

پروگرام میں عمران عباس نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر خود سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ پر لوگوں نے ایک سال میں ان کی 5 شادیاں اور طلاق کروادیں۔

عمران عباس نے کہا کہ محض پیسے کمانے کے چکر میں لوگ ان کی اور خواتین اداکاروں کی زندگی کو مشکل بنا رہے ہیں۔

اداکار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غلط معلومات پھیلانے والے یوٹیوب چینلز سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے اکاؤنٹس کو ان سبسکرائب یا ان فالو کرکے انہیں سزا دیں۔

عمران عباس نے کہا کہ پاکستان میں ابھی ایسے کوئی قوانین نہیں بنے کہ ایسی غلط معلومات پھیلانے والوں کو سزا مل سکے، تاہم لوگ چاہیں تو انہیں ان سبسکرائب کر کے سزا دے سکتے ہیں۔

عمران عباس نے بتایا کہ ایک بار جب ان کے اہل خانہ بیرون ملک تھے تو سوشل میڈیا پر کسی نے ان سے متعلق جھوٹی خبر چلائی کہ وہ روڈ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

اداکار نے بتایا کہ روڈ حادثے میں ان کی ہلاکت کی خبر میں خوفناک تصاویر کو استعمال کیا گیا اور جب ان کے اہل خانہ نے وہ خبر دیکھی تو صدمے میں چلے گئے اور مذکورہ خبر کی وجہ سے ان کے خاندان کے کسی شخص کو صحت کے سنگین مسئلے بھی ہو سکتے تھے۔

عمران عباس کی اسی بات پر میزبان نادیہ خان نے انہیں بتایا کہ ممکن ہے کہ کچھ خاص لوگ اداکار کو ٹارگیٹ کرکے ان سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہوں۔

عمران عباس نے مزید کہا کہ وکی پیڈیا پر ان سے متعلق دستیاب معلومات 80 فیصد غلط ہے، اس میں نہ صرف ان کی عمر زیادہ بتائی گئی ہے بلکہ ان کی پیدائش بھی پنجاب میں کروائی گئی جب کہ ان کے والدین کو کرکٹر بھی بنا کر پیش کیا گیا۔

اسی بات پر نادیہ خان نے بھی کہا کہ وکی پیڈیا پر بہت ہی زیادہ غلط معلومات دستیاب ہے اور وہ لوگوں سے اپیل کر رہی ہیں کہ وکی پیڈیا کو معلومات کا ذریعہ سمجھنا چھوڑ دیں۔

اسی بات پر نادیہ خان نے بتایا کہ اپریل 2021 میں انہوں نے وکی پیڈیا پر ہانیہ عامر کو اپنے جیون ساتھی کے طور پر دیکھا تو حیران رہ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ خان نے شادی کی تصدیق کردی

نادیہ خان کے مطابق انہوں نے ہانیہ عامر کو اپنا شوہر دیکھنے کے بعد مذکورہ معلومات کو درست کیا مگر اگلے 24 گھنٹے بعد دوبارہ وہی ہوگیا۔

میزبان نے بتایا کہ حیران کن طور پر ہانیہ عامر کے وکی پیڈیا پر بھی انہیں ان کا شوہر یا جیون ساتھی بنا کر پیش کیا گیا تھا۔

نادیہ خان کے مطابق انہیں پہلے یہ معلوم نہیں تھا کہ وکی پیڈیا پر کوئی بھی جاکر معلومات کو ایڈٹ یا اپڈیٹ کر سکتا ہے۔

حیران کن طور پر نادیہ خان کے وکی پیڈیا پر 15 جولائی کو بھی Pahunkat کو ان کا شوہر بنا کر پیش کیا گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے ہانیہ عامر کے پیج پر جیون ساتھی کا آپشن ہی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ نادیہ خان نے رواں برس کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ انہوں نے سابق نیوی افسر فیصل ممتاز سے شادی کی تھی، اداکارہ کو پہلی شادیوں سے تین بچے ہیں، جن میں سے ان کی بڑی بیٹی علیزے 18 سال کی ہوچکی ہیں جب کہ دوسرا بیٹا اذان 12 سال اور سب سے چھوٹا بیٹا کیان ڈیڑھ برس کا ہے۔

اشنیٰ شاہ اور عمران عباس اپنی شادی کی خبروں پر حیران

عمران عباس نے علیزے شاہ سے شادی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا

ایک ہی ہفتے میں عمران عباس اپنی طلاق اور دوسری شادی کی خبروں پر پریشان